جہلم: ریلوے انتظامیہ ٹرینوں کا شیڈول بہتر کرنے میں نا کام، پچھلے کئی روز سے ٹرینوں کا نظام بہتر نہ ہو سکا۔
ٹرینوں کی آمد ورفت میں تاخیر کے دورانیہ میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ مسافر پلیٹ فارمز پر ٹرینوں کے انتظار میں گھنٹوں بے یارو مدد گار بیٹھے گاڑیوں کا انتظار کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
ٹرینوں کی آمدورفت میں تاخیر ہونے پر مسافروں کو پیغام رسانی کا بھی کوئی معقول انتظام نہ ہونے کی وجہ سے مسافر اپنے وقت کے مطابق ریلوے اسٹیشن پہنچ جاتے ہیں، وہاں پہنچ کر پتہ چلتا ہے کہ ٹرین گھنٹوں تاخیر کا شکار ہے، جس کے باعث مسافر کئی کئی گھنٹے پلیٹ فارم پر بیٹھے انتظار کرتے رہتے ہیں۔
ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث بارش کا پانی ریلوے ٹریک کے ارد گرد جمع ہونے سے سگنل کا نظام بھی متاثر ہو جاتا ہے، جس کی وجہ سے ٹرینوں کی رفتار میں کمی آ جاتی ہے۔ خراب موسم کے دوران اس حوالے سے ٹرین ڈرائیوروں کو بھی خصوصی ہدایات ہیں جس کی وجہ سے گاڑیاں تاخیر کا شکار ہو رہی ہیں۔