راولپنڈی ڈویژن کے تاریخی ضلع جہلم میں مہنگائی کا جن ایک بار پھر بے قابو

0

جہلم: راولپنڈی ڈویژن کے تاریخی اور دوسرے بڑے ضلع میں مہنگائی کا جن ایک بار پھر بے قابو، ذخیرہ اندوزوں، منافع خوروں نے آئے روز چینی، گھی، دودھ، مرغی کا گوشت، بیکری کا سامان، صابن، دالیں، مرچ، مصالحہ جات روٹی نان سمیت سبزیوں اور دیگر کھانے پینے کی اشیاء کے نرخوں میں اضافہ کر رکھا ہے۔

3900 روپے فی من والی گندم بلیک میں 4800 روپے فی من فروخت کی جا رہی ہے، چینی 140 روپے اور دودھ 180 روپے فی لیٹر فروخت ہونے لگا، معروف برینڈڈ کمپنی کے جوسز 10 سے 50 روپے تک مہنگے ہو گئے۔ صرف یہی نہیں بلکہ فلور ملز مالکان نے 20 کلو آٹے کا تھیلا 200 روپے مزید مہنگا کر دیا۔

آٹے کا تھیلا 2850 روپے کا فروخت کیا جا رہا ہے، مختلف کمپنیوں کی کولڈ ڈرنکس 10 روپے تک مزید مہنگی کر دی ہیں۔ چینی اور آٹا یوٹیلٹی سٹوروں سے غائب اور بازاروں میں 135 روپے فی کلوگرام تک فروخت کیا جا رہا ہے۔

پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور ضلعی انتظامیہ ذخیرہ اندوزوں، منافع خوروں شوگر اور فلور ملز مافیاء کے سامنے بے بس دکھائی دیتی ہے، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور ضلعی انتظامیہ اے سی والے کمروں میں بیٹھ کر اجلاس کرنے میں مصروف عمل ہیں، غریب اور محنت کش طبقہ مہنگائی سے پریشان ہیں۔

عوام نے وزیراعظم میاں شہباز شریف اور نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.