جہلم: سماجی اور فلاحی اداروں کی خدمات قابل تحسین ہیں ان فلاحی اداروں کے بغیر کوئی ملک ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتا، آپ حکومت کے دست و بازو بن کر کام کر رہے ہیں، آپ کے تمام مسائل حل کرنا اور دستیاب وسائل سے آپ کی مدد کرنا ہمارافرض ہے۔
یہ بات ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے ضلع جہلم کے معروف فلاحی ادارے کیپٹن معظم علی شہید ہسپتال کا دورہ کرتے ہوئے کہی۔ ہسپتال پہنچنے پر ٹرسٹ انتظامیہ کے سرپرست اور بانی میجر (ر) ڈاکٹر یوسف اختر نے ڈی سی جہلم کا پرتپاک استقبال کیا اور ان کو ہسپتال کے اندر جاری فلاحی سرگرمیوں اور ان سے مستفید ہونے والے افراد کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
ڈی سی جہلم کو ہسپتال کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کروایا گیا جہاں انہوں نے ہسپتال میں داخل مریضوں سے دستیاب سہولیات بارے آگاہی حاصل کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ صحت کے حوالے سے اس ادارے کا دورہ کرنے سے مجھے بہت خوشی اور اطمینان حاصل ہو ا ہے۔
بعد ازاں ڈی سی جہلم نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلم بند کئے اور ہسپتال انتظامیہ کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔