دینہ میں زمین کے تنازعہ پر فائرنگ سے 30 سالہ نوجوان جاں بحق جبکہ خاتون اور 2 افراد زخمی ہو گئے، ملزمان موقع سے فرار، ڈیڈ باڈی اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، ڈی پی او جہلم کا نوٹس، ڈی ایس پی سے رپورٹ طلب، ڈی پی او جہلم خود جائے وقوعہ پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق دینہ کے علاقہ ہڈالہ سیداں میں زمین کے تنازعہ پر گولیاں چل گئیں۔ اپنے ہی رشتہ داروں کی فائرنگ سے 30 سالہ نوجوان کامران حیدر ولد سجاد حسین موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ فائرنگ سے 19 سالہ ردا زینب دختر ذوالفقار شاہ، 17 سالہ حیدر علی ولد ذوالفقار شاہ اور 28 سالہ عرفان ولد سجاد شدید زخمی ہو گئے۔
فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے نوجوان کامران حیدر کا تعلق دینہ کے علاقہ مفتیاں سیداں سے جو اپنے بھائی کے ہمراہ سسرال ہڈالہ سیداں گیا ہوا تھا۔
ملزمان فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہو گئے، اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور تھانہ دینہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کر لئے۔ ڈیڈ باڈی اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ڈی پی او جہلم نے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی صدر سے رپورٹ طلب کر لی اور ڈی پی او جہلم خود جائے وقوعہ پہنچ گئے۔ ڈی پی او جہلم نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا وزٹ بھی کیا اور زخمیوں کے بہترین علاج معالجہ کی ہدایت کی۔
تھانہ دینہ کے علاقہ میں ایک شہری کے قتل اور تین شہریوں کے زخمی ہونے کے معاملہ پر ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ کا نوٹس، ڈی ایس پی صدر سے رپورٹ طلب،
ڈی پی او جہلم خود جائے وقوعہ پہنچ گئے، pic.twitter.com/q9BpTAyI5C
— JHELUM POLICE (@police_jhelum) August 4, 2023
ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے ڈی ایس پی صدر اور ایس ایچ او دینہ کو ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کا حکم دیا۔ دینہ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا۔