جہلم: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما چوہدری فراز حسین نے کہا ہے کہ عدلیہ بھی اس وقت عوام کی امیدوں کا مرکز بنی ہوئی ہے، امید ہے عدلیہ آئین کی بالا دستی کے لیے تاریخی فیصلے دے گی۔
چوہدری فراز حسین نے الیکشن کی تاریخ کے معاملے پر سپریم کورٹ کے از خود نوٹس کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ جیل بھرو تحریک میں پارٹی رہنماؤں، کارکنوں اور عوام کا جذبہ قابل ستائش ہے، حقیقی آزادی اور پاکستان کی ترقی کے لیے عمران خان کے ہاتھ مضبوط کرنا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اپنی ناکام سیاست بچانے، مخالفین پر دباؤ کے لیے جھوٹے بے بنیاد ، من گھڑت مقدمے درج کروا رہی ہے، نا اہل امپورٹڈ حکمران ملک کی معیشت اور امن کے لیے سب سے بڑا خطرہ بن چکے ہیں۔
پی ٹی آئی کے ضلعی رہنما فراز حسین چوہدری کا کہنا ہے کہ اداروں پر دباؤ ڈال کر اپنی مرضی کی کارروائیاں کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی ، اب عوام کو عمران خان نے شعور دے دیا اور عوام پوری طرح بیدار ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جیل بھر تحریک کامیابی کے ساتھ جاری ہے حکمرانوں کے پاؤں لڑکھڑانا شروع ہو چکے ہیں ، انشاء اللہ جلد امپورٹڈ حکمرانوں سے قوم کی جان چھوٹ جائے گی۔