دینہ کے نواحی علاقہ میں قرآن پاک پڑھنے کے لیے جانے والی ساڑھے 6 سال کی بچی کو زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا، پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
رپورٹ کے مطابق دینہ میں ظلم کی انتہا ہو گئی، درندہ نما شخص نے ایک اور کلی کو مسل کر رکھ دیا۔ دینہ کے نواحی علاقہ تین پورہ زیریں میں چھ سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کا واقعہ سامنے آیا ہے، ملزم فرقان عرف شاہ زیب نے متاثرہ بچی کو اپنے گھر میں مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا ہے۔
بچی کے والد نے بتایا کہ میری بیٹی ملزم کی دادی کے پاس قرآن پاک پڑھنے گئی جہاں موقع پا کر ملزم نے میری بیٹی سے زیادتی کی۔ پولیس ذرائع کے مطابق متاثرہ بچی کے ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں زیادتی کی تصدیق ہوئی ہے۔
ڈی پی او جہلم نے ایس ایچ او تھانہ دینہ کو ملزم کی گرفتاری کا سپیشل ٹاسک دیا جس پر ملزم کو چند گھنٹوں میں گرفتار کر لیا گیا۔ دینہ پولیس نے بچی کا میڈیکل کروا کر والد کی درخواست پر فوری مقدمہ کا اندراج کیا۔