سوہاوہ: نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر نے ٹی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کیااور تفصیلی معائنہ کیا،ڈاکٹر جمال ناصر نے تمام وارڈز میں جاکر مریضوں سے بھی ملاقاتیں کی اور ان سے مسائل دریافت کئے جبکہ ہسپتال میں پودا بھی لگایا، صوبائی وزیر نے ہسپتال میں سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ڈاکٹر جمال ناصر نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے تمام ہسپتالوں میں تمام خالی آسامیاں پُر کرنے جا رہے ہیں۔گزشتہ حکومت نے خالی آسامیاں پُر کرنے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کیے۔موجودہ حکومت 450 کنسلٹنٹ بھرتی کرنے جارہی ہے۔گوجر خان میں ٹراما سینٹر فعال ہے جبکہ جہلم میں ٹراما سینٹر کی عمارت زیر تعمیر ہے، سوہاوہ میں بھی ٹراما سینٹر بنانے کی تجویز زیر غور ہے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت 24 گھنٹے اور چھٹیوں کے اوقات میں بھی کام کر رہا ہے۔ہم سے غلطیاں بھی ہو جاتی ہیں کوشش ہوتی ہے انہیں سدھارا جا سکے۔میڈیا ہمارے اچھے کاموں کے بجائے ہماری غلطیوں کو زیادہ ہائی لائٹ کرتا ہے۔ میڈیا سے گزارش ہے کے ہمارے اچھے کاموں کو بھی اجاگر کریں۔
نگران صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب کے تمام ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں ڈیجیٹل ایکسرے کی سہولت مہیا کی جا رہی ہیں۔ پنجاب کے 36 اضلاع میں جو پروموشن رکی ہوئی تھیں ان کو پروموٹ کرنے جا رہے ہیں۔ تمام بنیادی مراکز صحت کو ایمبولینس مہیا کرنے پر کام ہو رہا ہے۔ پنجاب کے جن ہسپتالوں میں بیہوشی کے ڈاکٹرز نہیں ہیں وہاں کنٹریکٹ پر بھرتیوں کا آعاز ہو چکا ہے۔