میاں نواز شریف کے بغیر پاکستان میں جنرل الیکشن بے مقصد تصور ہوں گے۔ زاہد شیرازی

0

لندن : کرنل (ر) زاہد شیرازی نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کے بغیر پاکستان میں جنرل الیکشن بے مقصد تصور ہوں گے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے سنیئر راہنما کرنل (ر) زاہد شیرازی نے لندن میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ میں سمجھتا ہوں پاکستان کے گھمبیر حالات کا حل صرف ایک پارٹی کے پاس ہے اور وہ پارٹی پاکستان مسلم لیگ ن ہے، ہمیں یقین ہے ہمارے قائد میاں نواز شریف کی اتنی صلاحیت اور تجربہ ہے کہ وہ پاکستان کو اس بھنور سے نکال لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعہ میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دی جائے۔ چیئرمین پی ٹی آئی سے جو غلطی ہوئی ہے وہ یہ ہے کہ انہوں نے سمجھا ہم ترکی والے ماڈل پر ہیں، ترکی اور پاکستان والے ماڈل میں فرق تھا۔ پاکستان میں سیاسی جماعت کے لوگوں نے اپنی ہی فوج پر چڑھائی کی ہے، فوج نے عوام پر چڑھائی نہیں کی۔

زاہد شیرازی نے کہا کہ ہمارے ضلع میں کوئی ایسا گھرانہ نہیں جس کے گھر فوج سے تنخواہ یا پنشن نہ آتی ہو۔ 9 مئی سے پہلے بہت زیادہ لوگ پی ٹی آئی کو پسند کرتے تھے لیکن 9 مئی کے واقعہ کے بعد صورت حال یکسر بدل گئی ہے جس کا فائدہ الیکشن میں پی ٹی آئی مخالف پارٹیوں کو ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موجود قیادت سے ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں، اگر میری برطانیہ میں موجودگی کے دوران ہمارے قائد میاں نواز شریف لندن تشریف لے آتے ہیں تو میرے ان سے بھی ملاقات ہوگی۔

لیگی رہنما نے کہا کہ ن لیگ کی قیادت میرے ساتھ ہے اور جنرل الیکشن میں جہلم سے صوبائی اسمبلی کی نشست پر پارٹی ٹکٹ سے الیکشن لڑنے کا ارادہ رکھتا ہوں میرا علاقہ تھل ہے، میرے علاقہ کے حالات اندرون سندھ سے بھی زیادہ خراب ہیں، اس کا تقریباً ایک لاکھ ووٹ ہے اس میں گرلز کالج نہیں ہے بلکہ بوائز کالج بھی نہیں ہے۔

کرنل (ر) زاہد شیرازی نے کہا کہ ہسپتالوں کے حالات خراب ہیں، سڑکوں کا کوئی نظام نہیں ہے، ہماری ڈیول کیرج وے کا منصوبہ بھی التوا کا شکار ہے۔ اب تو صورت حال یہ ہے اس سڑک کے آس پاس سے جانور بھی نہیں گزر سکتے گاڑیاں گزرنا تو دور کی بات ہے۔ اس جذبے کے تحت میں نے خود سوچا کہ مجھے ڈیفنس کے جائے اپنے آبائی علاقہ میں رہنا چاہئے۔ میں اپنی قابلیت کے ذریعے پارٹی کو ثابت کروں گا کہ میں بہتر امیدوار ہوں مجھے امید ہے، اس دفعہ پارٹی مجھے اپنے لوگوں کی خدمت کرنے کے لیے موقع ضرور دے گی۔

انہوں نے کہا کہ میری تحصیل پنڈدادنخان ایک پسماندہ تحصیل ہے مجھے اپنی پارٹی سے بھی ایک گلہ ہے جو میں اپنی قیادت سے بھی کر چکا ہوں۔ جہلم سے ن لیگ کے سابق ممبران اسمبلی میاں نواز شریف کے ووٹوں سے منتخب ہوئے لیکن وہ منتخب ہو کر نہ پارلیمان اور نہ ہی اپنے حلقہ میں دستیاب رہے وہ اپنی ذاتی کاموں میں مصروف رہے جس کی وجہ سے ان کی کوئی نمائیندگی نہیں رہی، میں اس چیز کو تبدیل کرنا چاہتا ہوں۔

کرنل (ر) زاہد شیرازی نے کہا کہ ہمارے پارٹی کے سابق امیدوار یا تو ہمیں پارٹی نے اچھے امیدوار نہیں دیئے یا ہم نے پارٹی کو اچھے امیدوار نہیں دیئے ہر دو صورت میں پارٹی نے ان کو ٹکٹ جاری کئے تھے لیکن انھوں نے ہمارے لیئے کچھ نہیں کیا۔ اب ہم دوبارہ ان نااہلوں اور نالائقوں کو دوبارہ واپس نہ لائیں۔ ہمارا اپنا قصور یہ ہے کہ ہم نے بندے ہی ایسے پیش کئے تھے جس کی وجہ سے پارٹی نے انہی لوگوں کو ٹکٹ دیئے اور اب بھی اگر ان نالائقوں کو دوبارہ ٹکٹ دیا گیا تو صورت حال مختلف نہیں ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ جہلم کے میگا پروجیکٹ کی بات کریں تو جلالپور نہر کا منصوبہ پی ٹی آئی کا نہیں تھا اس پر سارا کام میاں شہباز شریف نے مکمل کروایا۔ للِہ تا جہلم ڈیول کیرج وے کا پروجیکٹ چوہدری فواد حسین لے کر آئے تھے لیکن ان کی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے جو انہوں نے پنجاب حکومت کے ساتھ بنائی ہوئی تھی سب پروجیکٹ لیٹ ہوئے ہیں جس میں ٹراما سنٹر کا پروجیکٹ بھی شامل ہے۔

زاہد شیرازی نے کہا کہ ہم نے کوشش کی وفاقی وزیر احسن اقبال ملاقات کی، بلال اظہر کیانی نے بہت محنت کی جس کی وجہ سے 1 اعشاریہ 8 بلین اس بجٹ میں رکھا ہے۔ ہمیں یقین ہے جنرل الیکشن ہو گا جس کے بعد ہماری حکومت بنے گی اور وہ ان پروجیکٹ کو آگے چلائے گی۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.