جہلم: چوہدری راشد گھرمالہ نے کہا کہ 21 اکتوبر کو سابق وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کا تاریخ ساز استقبال کریں گے، اللہ کا شکر ہے تمام قوتوں کو علم ہو گیا کہ میاں محمد نواز شریف کے علاوہ پاکستان کو مسائل کے گرداب سے کوئی نہیں نکال سکتا۔
پاکستان مسلم لیگ ن تحصیل جہلم کے صدر چوہدری راشد گھرمالہ نے جہلم پریس کلب کے نمائند ہ وفد سے پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکریٹ سول لائن روڈ پر خصوصی ملاقات میں کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی مسلم لیگ اقتدار میں آئی تو پاکستان میں بڑے بڑے پروجیکٹ شروع کیے گئے۔ مسلم لیگ پر تنقید کرنے والے 2013 سے 2018 کا ایمانداری سے جائزہ لیں اگر ان کا ضمیر زندہ ہوا تو فرق واضح ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ عمرانی حکومت نے چار سالہ دور میں دنیا بھر میں پاکستان کو شرمندہ اور رسوا کیا جو داغ اب تک نہیں دھویا جا سکا۔ ہمیں مسلم لیگ ن کی مقبولیت پر ناز ہے، 21 اکتوبر مخالفین کو معلوم ہو جائے گا کہ پاکستانی عوام میاں نواز شریف کے ساتھ ہیں اور جانتے ہیں کہ وہی ان کے مسائل حل کر سکتے ہیں۔
چوہدری راشد گھرمالہ نے کہا کہ مسلم لیگ کوئی فرشتوں کی جماعت نہیں غلطیاں سب سے ہوئی ہیں، جتنا نقصان دوسری جماعتوں اور پی ٹی آئی کے دور میں ملک کو پہنچا اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔
انہوں نے کہا کہ 21 اکتوبر کو اپنے محبوب قائد سابق وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کا تاریخی استقبال کریں گے جس کی تمام تر تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں۔