جہلم: سیاسی ڈیروں کی رونقیں بحال، سیاست دانوں نے ڈیروں کے دروازے عام شہریوں کے لئے کھول دیئے۔
پنجاب اسمبلی کے الیکشن کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ضلع بھر میں ا نتخابی سرگرمیاں اچانک تیز ہو گئیں، مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماء و کارکنوں نے اپنے کاغذات نامزدگی پہلے ہی سے جمع کروا رکھے ہیں۔
سپریم کورٹ کی جانب سے انتخابی شیڈول آنے کے بعد ایک مرتبہ پھر ضلع کچہری میں امیدواران کی آمد ورفت میں اضافہ ہونے لگا ، جلد امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ ہونگے جس کے ساتھ ہی ضلع جہلم کے تینوں صوبائی حلقوں میں سیاسی جماعتوں کے امیدوار کارکنوں سمیت ریلیاں، اجتماع اور جلسے منعقد کریں گے ،سیاسی جوڑ توڑ ہوں گے۔
سپریم کورٹ کے فیصلے کو عوام نے سراہتے ہوئے حکمرانوں سے مطالبہ کیا ہے کہ انتخابات سے بھاگنے کی بجائے سیاسی میدان میں مقابلہ کریں تاکہ مہنگائی کا سونامی برپا کرنے والے حکمرانوں کو آٹے دال کا بھاؤ معلوم ہو سکے ۔