جہلم: ضلع بھرمیں موسم بہار شجرکاری مہم 15 فروری سے شروع ہو رہی ہے جو کہ 15 اپریل تک جاری رہے گی۔
اس سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سمیت تمام سرکاری محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔
ڈویژنل فاریسٹ آفیسر سدھیر احمد مغل نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ موسم بہار شجرکاری مہم کے دوران کل 08 لاکھ 60 ہزار پودے لگانے کا ٹارگٹ ہے، شجرکاری مہم میں تمام سرکاری ادارے، سکولز کے طلباء و طالبات اور مقامی افراد حصہ لیں گے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ محکمہ پولیس، ایگریکلچر، ایجوکیشن میونسپل کونسلز اور محکمہ ماحولیات اس مہم میں زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں اور موجودہ ٹارگٹ سے زیادہ پودے لگائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر شجرکاری ناگزیر ہے، بڑھتی ہوئی آلودگی کی وجہ درختوں کی کمی ہے، سوسائٹی کا ہر فرد شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے۔