جہلم: شہر میں پابندی کے باوجود ہیوی ٹریفک سڑکوں پر گامزن، ٹریفک پولیس، آرٹی اے سیکرٹری ذمہ داریاں ادا کرنے سے قاصر، سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ کیوجہ سے شہری سراپا احتجاج ، ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق شہر میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی کے باوجود عملدرآمد نہ ہو سکا۔ بھاری گاڑیاں شہر کی سڑکوں پر رواں دواں ۔ ہیوی ٹریفک میں تعمیراتی میٹریل سمیت ، پٹرول اور ڈیزل کی نقل و حرکت کرنے والے ٹینکرز شامل ہیں۔ ان ہیوی گاڑیوں میں بالخصوص ڈمپرز نے شہر میں تعمیر ہونے والی نئی سڑکوں کو اڈھیڑ کر رکھ دیا ہے ، جس سے متعدد جگہوں پر سڑکیں زمین بوس ہونے کے ساتھ ساتھ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونا شروع ہو چکی ہیں ۔
اس سے قبل تباہ شدہ سڑکوں کی تعمیر ابھی مکمل نہیں ہوئی لیکن ابھی بھی ہیوی ٹریفک کا قافلہ شام ہوتے ہی سڑکوں پر رواں دواں ہو جاتاہے، ہیوی ٹریفک سے متعدد حادثات بھی رونما ہو چکے ہیں ۔
شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس اورآرٹی اے سیکرٹری اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سر انجام دینے میں مکمل ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ شہر کے چوک، چوراہوں پر ٹرانسپورٹرز سے رشوت وصولی کی شکایات میں بھی اضافہ ہو چکا ہے، ٹریفک پولیس کے متعلقہ ذمہ داران خاموش تماشائی کا کردارادا کرر ہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں بڑی گاڑیوں کی نقل و حرکت روکنے کی ذمہ داری ادا کرنے والی ٹریفک پولیس بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ قائم مقام ڈی ایس پی ٹریفک کی توجہ مسائل دور کرنے میں نہیں ہے جس کیوجہ سے شہر میں ٹریفک کی صورتحال بدترین ہو چکی ہے۔
شہریوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سے مطالبہ کیاہے کہ پیراغیب اور جادہ کے مقام پر رات کی ڈیوٹی بحال کی جائے اور ٹریفک پولیس کے ذمہ داران کو بھاری گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں کرنے کا پابند بنایا جائے تاکہ شہرکی سڑکوں کو ٹوٹ پھوٹ سے بچایا جا سکے۔