دینہ میں حکومت کی ہدایت پر ماہ رمضان کے لیے فری آٹے کی فراہمی کا آغاز کر دیا گیا، روزانہ کی بنیاد پر ساڑھے گیارہ سو تھیلے تقسیم کیے جائیں گے ، اس میں احساس پروگرام اور بے نظیر انکم سپورٹ میں شامل مستحق لوگوں میں تقسیم کیے جا رہے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق دینہ میں حکومت کی ہدایت پر ماہ رمضان کے مہینے کے لیے خصوصی پیکج کے ذریعے مستحق لوگوں میں فری آٹے کی فراہمی کا آغاز کر دیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر دینہ حمد اللہ کی سربراہی میں ہاکی گراؤنڈ جی ٹی روڈ دینہ میں فری آٹے کی فراہمی کے لیے سیل پوائنٹ قائم کر دیا گیا۔
اس موقع پر سیل پوائنٹ آٹے کی انتظامیہ میاں سہیل، عدیل بٹ اور محمد آفتاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر آٹے کی فراہمی کا آغاز کیا گیا ہے جس میں صرف احساس پروگرام اور بے نظیر انکم سپورٹ میں شامل مستحق لوگوں میں شناختی کارڈ کے ذریعے مفت تقسیم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک شناختی کارڈ پر دس کلو کے 3 تھیلے دیے جا رہے ہیں جو ہر ہفتے میں ایک ایک تھیلا دیا جائے گا جبکہ اس سلسلے میں اپنا شناختی کارڈ 8070 پر میسج کر کے جواب آنے پر آٹا سنٹر آئیں جہاں سرکاری عملہ ان کے شناختی کارڈ کی آن لائن تصدیق کے بعد مفت آٹا فراہم کرے گا۔