جہلم: ملک بھر کی طرح ضلع جہلم میں بھی 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ضلعی و تحصیل سطح پر یکجہتی سیمینارز اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔
اس حوالے سے ضلعی سطح پر کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل مطاہر حیات وٹو کی قیادت میں ڈی سی آفس تا وائے کراس تک ریلی نکالی گئی۔
ریلی میں تمام محکموں کے سربراہان و ملازمین سمیت سول سوسائٹی، انجمن تاجران، انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ، تعلیمی اداروں اور مدارس کے طلبہ، میڈیا کے نمائندوں، سیاسی جماعتوں کے کارکنوں،خواتین، شہریوں اور ہر مکتبہ فکر کے افراد نے ریلی میں بھرپور شرکت کرکے اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیا۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل مطاہر حیات وٹو نے کہا کہ ہم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، کشمیر کی آزادی تک یہ جدوجہد اسی طرح چلتی رہے گی، کشمیریوں کی قربانیاں ایک دن ضرور رنگ لائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ہر فورم پر کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کتے رہیں گے، ظلم کی سیاہ رات جلد ختم ہونے والی ہے، کشمیری بھائی آزادی کا سورج طلوع ہوتے ہوئے دیکھیں گے، ہم پوری پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
اے سی دینہ فاروق اعظم نے میرپور انتظامیہ کے ساتھ مل کر منگلا پل پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بناتے ہوئے اظہار یکجہتی کیا۔