جہلم میں جگہ جگہ غیر قانونی چنگ چی رکشہ اسٹینڈ قائم، شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا

0

جہلم: میونسپل کمیٹی ، ٹریفک پولیس کی سرپرستی میں جگہ جگہ غیر قانونی چنگ چی رکشہ اسٹینڈ قائم،شاندار چوک کے چاروں اطراف بااثر ڈرائیوروں نے سڑکوں پر رکشے کھڑے کر دئیے ،شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا، میونسپل کمیٹی اور ٹریفک پولیس نے شہریوں کے مسائل سے مکمل لا تعلقی اختیار کر لی ، کم عمر چنگ چی رکشہ ڈرائیور، بغیر روٹ پرمٹ اور بغیر لائسنس کے خطرناک طریقے سے سڑکوں پر چنگ چی رکشے دوڑاتے نظر آتے ہیں اور حادثات کے باعث انسانی زندگیوں کا ضیاع بھی روزانہ کا معمول بن چکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شاندار چوک سے ملحقہ ، تحصیل روڈ، سول لائن روڈ، ریلوے روڈ، اولڈ جی ٹی روڈ، نیا بازار،اقبال لائبریری روڈ ،جی ٹی ایس چوک ،مشین محلہ نمبر 3چوک ،جادہ چوک سمیت دیگر درجنوں مقامات پر ہمہ وقت سینکڑوں چنگ چی رکشے کھڑے کرکے ٹریفک بلاک کر دی جاتی ہے۔

دوسری جانب بازاروں میںخریداری کے لیے آنے والی خواتین کو بھی غیر قانونی رکشہ اسٹینڈ کیوجہ سے خریداری کرتے وقت پریشانی کا سامنا کرنا پڑتاہے ،رکشوں کے غیر قانونی اڈوںاور شور شرابے و دھوئیں سے شہری بہرے پن ،دمے ،ٹی بی کے مرض اور آنکھوں کی بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں ، شاندار چوک میں تعینات ٹریفک پولیس کے اہلکار بھی رکشہ ڈرائیوروں کی سرپرستی کرتے نظرآتے ہیں ، جبکہ سیکرٹری ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی بھی چنگ چی رکشہ ڈرائیوروں کے خلاف کارروائیاں کرنے سے گریزاں ہے ۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ بیشتر رکشہ ڈرائیوروں کے پاس نہ تو لائسنس ہیں اور نہ ہی شناختی کارڈ، جبکہ بیشتر ڈرائیورز ضعیف العمر ہیں جو سواریوں کو رکشوں کو سوار کرکے سڑکوں پر موت کا کھیل جاری رکھے ہوئے ہیں ۔

شہریوں نے انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ، آر پی او راولپنڈی ،ڈی پی او ، قائم مقام ڈی ایس پی ٹریفک سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں قائم ہونے والے غیر قانونی چنگ چی رکشہ اسٹینڈ کا خاتمہ کیا جائے اور لائسنس ، شناختی کارڈ کے بغیر چنگ چی رکشے چلانے والے ڈرائیورز کے کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جائے ، تاکہ شہریوں کی مشکلات میں کمی واقع ہو سکے۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.