جہلم: پی ٹی آئی میں بغاوت، ضلع بھر کے انتخابی حلقوں میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے خلاف سیاسی محاذ کھل گئے۔ کزن ایم این اے چوہدری فرخ الطاف کے بعدسابق ایم پی اے بھی ساتھ چھوڑ گئے ۔صوبائی نائب صدر، تحصیل جنرل سیکرٹری عہدوں سے مستعفی، پی ٹی آئی باغی اور ہم خیال گروپوں کا فواد چوہدری پر غیر متوقع صوبائی اسمبلی انتخابات کے ٹکٹوں کی غیر منصفانہ تقسیم اور موروثی سیاست کو فروغ دیکر اپنے کزن کو ٹکٹ جاری کرنے پر شد ید تنقید، جہلم کی آٹھ یونین کونسلوں میں باقائدہ بغاوت سامنے آ گئی ۔
تفصیلات و سروے کے مطابق ضلع جہلم میں سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنمافواد چوہدری کے خلاف پی ٹی آئی عہدیداروں سمیت کارکنوں نے بغاوت کا آغاز کر دیا ہے۔ قبل ازیں چوہدری فواد حسین کے کزن ممبر قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف نے پی ٹی آئی کے منحرف ممبران کا ساتھ دیتے ہوئے ان کی مخالفت کی داغ بیل ڈالی۔
بعد ازاں مقامی سطح پر انکے خلاف سیاسی محاذ کھلنے لگے، حالیہ دنوں میں پنجاب اسمبلی کے غیرممکنہ انتخابات کے لیے صو بائی امیدواروں کے ٹکٹوں کے اجرا پر ان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ۔ انکے خلاف بغاوت کا باقائدہ آغاز پی ٹی آئی شمالی پنجاب کے نائب صدر چوہدری زاہد اختر نے پریس کانفرنس میں کیا۔
پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری پر ضلعی سطح پر پی ٹی آئی کے متحرک اور جانثار کارکنان کو نظر انداز کر کے موروثی سیاست کے منشور پر عمل پیرا ہوتے ہوئے حلقہ پی پی 25 کا ٹکٹ اپنے چھوٹے کزن فوق شیر باز کو جاری کر دیا۔ چوہدری زاہد اختر نے اس عمل پر فواد چوہدری سمیت پارٹی چیئرمین عمران خان کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہیں رانگ نمبر قرار دے دیا۔
چوہدری زاہد اختر جو قبل ازیں ضلعی صدر بھی رہ چکے اور اب شمالی پنجاب کے نائب صدر کے عہدے پر فائز تھے نے عمران خان اور فواد چوہدری پر عدم اعتماد کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی عہدے سے مستعفی ہونے کا بھی اعلان کیا۔
چوہدری زاہد اختر کے بعد حلقہ پی پی 25 کے سابق ایم پی اے راجہ یاور کمال بھی فواد چوہدری کی مخالفت میں کھل کر سامنے آگئے اور گزشتہ روز انہوں نے اپنے انتخابی حلقہ کی چار یونین کونسلوں پر مشتمل اکٹھ میں فواد چوہدری کی وساطت سے نامزد کردہ پی ٹی آئی امیدوار فوق شیر باز کی مخالفت کرنے کا اعلان کر دیا۔
حلقہ پی پی 25 کے بعد فواد چوہدری کے اپنے انتخابی حلقہ این اے 67 میں بھی ان کی مخالفت کا باقائدہ آغاز ہو گیا اور اس حلقہ میں بھی چار یونین کونسلوں کے پی ٹی آئی کارکنوں نے ہم خیال گروپ کے نام سے سیاسی سرگرمیاں شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔
دریں اثنا ہم خیال گروپ سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پی ٹی آئی تحصیل جہلم کے جنرل سیکرٹری ملک مشتاق نے بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔فواد چوہدری کے خلاف جاری محاذ میں انکے سیاسی مخالفین نے بھی اپنا کردار ادا کرنا شروع کر دیا ہے ۔
قابل ذکر امر یہ ہے کہ اب تک جتنے بھی باغی سامنے آ رہے ہیں انکا تعلق فواد چوہدری کے کزن پی ٹی آئی کے منحرف ایم این اے چوہدری فرخ الطاف کے ساتھ ہے ۔فواد چوہدری کے لئے چوہدری فرخ الطاف کی مخالفت سمیت نظریاتی کارکنوں کا ساتھ چھوڑنا انکے لیے آئندہ انتخابات میں مشکلات کا سبب بن سکتا ہے۔
پی ٹی آئی میں نظر آتی دراڑوں کو مزیدکھلا کرنے لے لیے دیگر سیاسی جماعتوں نے بھی اپنا حصہ ڈالنا شروع کر دیا ہے۔ اگر حالات بدستور رہے تو آنے والے وقت میں پی ٹی آئی کے جہلم میں کامیابی حاصل کرنے کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔
پی ٹی آئی کے نظریاتی کارکنوں کا کہنا ہے کہ عمران خان جہلم کے سیاسی حالات و واقعات پر چشم پوشی اختیار نہ کریں اور پارٹی کارکنوں کو فرد واحد کے رحم و کرم پر چھوڑنے کی بجائے ان کی گراں قدر خدمات کو سامنے رکھتے ہوئے غیر جانبدارانہ انکوائری کروائیں ورنہ حالات انکے ہاتھ سے بھی نکل جائیں گے۔