صوبہ پنجاب کے شہر منڈی بہاؤالدین میں پولیس نے خاتون کو آشنا کے اندھے قتل کے الزام میں گرفتار کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ مبینہ طور پر خاتون کے مقتول شخص کے ساتھ گزشتہ 4 سال سے تعلقات تھے۔
رپورٹ کے مطابق منڈی بہاؤالدین ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) انور سعید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ 21 نومبر کو ویران علاقے سے پولیس کو ایک شخص کی لاش ملی جس کی شناخت طیب علی قریشی کے نام سے ہوئی ہے جو گجرات کے علاقے کاتھیالا شیخاں کا رہائشی تھا۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرکے تحقیقات شروع کردی تھی، کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (سی آئی اے) کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس عامر شاہین گوندل نے واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کی تھی۔
بعد ازاں پولیس نے حمزہ ٹاؤن سے تحسین فاطمہ نامی خاتون کو گرفتار کیا، پولیس نے دعویٰ کیا کہ خاتون کے گزشتہ 4 سال سے مقتول کے ساتھ تعلقات تھے تاہم خاتون نے کسی اور شخص کے ساتھ تعلقات استوار کرلیے لیکن مقتول اس خاتون کو چھوڑنا نہیں چاہتا تھا۔
پولیس نے دعویٰ کیا کہ خاتون نے اپنے آشنا کے ساتھ مقتول طیب علی قریشی کو راستے سے ہٹانے کا منصوبہ بنایا۔
ڈی پی او نے مزید بتایا کہ خاتون نے اپنے آشنا سے مل کر طیب علی کو نیند کی گولیاں دیں جس کے بعد اس کی دم گھٹنے سے موت واقع ہوگئی، بعد ازاں خاتون نے لاش کو ویران جگہ میں پھینک دیا جہاں سے پولیس نے لاش کو برآمد کیا۔