جہلم: شہر کے عین وسط شاندار چوک میں غیر قانونی رکشہ سٹینڈ ز و ریڑھی بازارقائم، جابجا رکاوٹوں نے عوامی آمد و رفت میں مسائل پیدا کر رکھے ہیں، موجودہ حالات میں معمولات زندگی شتر بے مہار کا روپ اختیار کرلیا ہے، میونسپل کمیٹی، ٹریفک پولیس، آرٹی اے سیکرٹری سمیت قانون نافذ کرنے والے ذمہ داران خاموش تماشائی، شہری سراپا احتجاج ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شہر میں واقع شاندار چوک، ریلوے روڈ،تحصیل روڈ، اولڈ جی ٹی روڈ، سول لائن روڈ پر رکشہ ڈرائیوروں نے ٹریفک پولیس کی سرپرستی میں رکشے کھڑے کرکے عوامی مشکلات میں اضافہ کر رکھا ہے ، جس کیوجہ سے دوسرے شہروں سے آنے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ شاندار چوک کے چاروں اطراف کھڑے ہونے والے رکشوں کیوجہ سے فائربرگیڈ، ایمبولنسسز کوبھی شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری اداروں میں کام کاج کی غرض سے آنے والے سائلین سکولوں، کالجز میں زیر تعلیم طلباء و طالبات کو رکشوں ور ریڑھی بانوں کیوجہ سے پیدل چلنے میں بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، میونسپل کمیٹی ، آرٹی اے اور ٹریفک پولیس نے شہریوں کے مسائل میں کمی کرنے کی بجائے سرپرستی کرتے ہوئے شہر کی سڑکوں کو کشادہ کرنے کی بجائے رکشہ اسٹینڈ اور ریڑھی بازار میں تبدیل کرر کھا ہے۔
شہریوں نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب، آرپی او راولپنڈی سے مطالبہ کیاہے کہ جہلم شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کروایا جائے اور ٹریفک پولیس کو غیر قانونی قائم ہونے والے رکشہ اسٹینڈ ختم کروانے کے احکامات جاری کئے جائیں تاکہ شہر کی سڑکیں کشادہ اور شہریوں کی مشکلات میں کمی واقع ہو سکے۔