پنڈدادنخان: حلقہ این اے 67 جہلم کا ضمنی انتخاب، کاغذات نامزدگی فارم حاصل کرنے کا پہلا دن، متعدد امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کر لیے، سابق وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین 7 فروری کو کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق حلقہ این اے 67 جہلم کے ضمنی انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی فارم حاصل کرنے کے پہلے دن متعدد نامزدگی فارم وصول کئے گئے۔ ریٹرننگ آفس جہلم سے 17 امیدواروں نے جبکہ میونسپل کمیٹی پنڈدادنخان سے 3 امیدواروں نے فارم وصول کیے۔
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری، سابق ایم این اے نوابزادہ مطلوب مہدی، چوہدری عابد اشرف جوتانہ، کرنل (ر) سید زاہد شیرازی، سینئر قانون دان چوہدری یاسر گوندل ایڈووکیٹ سمیت نوابزادہ طالب مہدی نے ضمنی انتخاب کے کاغذات نامزدگی فارم حاصل کر لیے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین 7 فروری بروز منگل کو اپنے کاغذات نامزدگی فارم جمع کرائیں گے جبکہ کرنل زاہد شیرازی بدھ 8 فروری کو اپنے کاغذات جمع کرائیں گے۔ سابق تحصیل ناظم چوہدری عابد اشرف جوتانہ کی طرف سے بھی 8 فروری کو کاغذات نامزدگی جمع کرائے جا سکتے ہیں۔