جہلم: آٹے اور چینی کی قیمتیں ساتویں آسمان پر، شہری پریشان، آٹے اور چینی کی قیمتیں عام صارف کی پہنچ سے دور، انتظامیہ غائب گران فروشوں کی موجیں شہری لٹنے پر مجبور، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ٹھنڈے کمروں تک محدود ہیں۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی فی کلو قیمت 146 روپے تک پہنچ گئی ہے، عام دکانوں پر چینی 150 روپے کلو تک فروخت کی جارہی ہے۔ دوسری جانب دس کلو آٹے کا تھیلا 1450 روپے کا فروخت کیا جارہا ہے، غلہ منڈی میں گندم کی فی من قیمت 4 ہزار 850 روپے وصول کی جارہی ہے جبکہ چکی آٹا 170 روپے کلو میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
خریداروں کا کہنا ہے کہ مہنگی چینی اور آٹے نے خریداری محدود کردی ہے، اشیاء خوردنوش انتہائی کم خرید کر گزارہ کر رہے ہیں، ہر چیز کی قیمت آسمان سے باتیں کر رہی ہے، غریب کی بنیادی ضرورت آٹا، چینی، دالیں ہیں وہ بھی غریب آدمی کی پہنچ سے بہت دور ہو چکی ہیں۔
چینی مافیا کے سامنے انتظامیہ بس ہے جس وجہ سے قیمتیں مسلسل بڑھ رہیں ہیں، چینی کی قیمتوں میں مزیداضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے جبکہ شہر کے بڑے تاجروں نے گنجان آباد علاقوں میں کوٹھیاں اور گھر کرائے پر لیکر اجناس سٹور کر رکھی ہیں۔
شہریوں نے وزیر اعلی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ خفیہ اداروں سے تحقیق کروا کے گوداموں میں چھپایا گیا گھی، آٹا، چاول، دالیں برآمد کروا کے حکومت کے مقرر ہ کردہ نرخوں پر فروخت کروائی جائے۔