سوہاوہ: چوہدری محمد ثقلین نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہوں، پارٹی ٹکٹ پر جو فیصلہ کرے گی اسے قبول کریں گے، میرے سمیت جہلم میں ن لیگ کے نظریاتی کارکنوں کو نئے شامل ہونے والوں پر تحفظات ہیں جسے پارٹی قیادت یقیناً سن کر حل کرے گی، بھائی کی وفات پر فوق شیر باز اور ان کے دوست فاتحہ خوانی کیلئے آئے تھے۔
سابق ایم پی اے چوہدری محمد ثقلین نے سوشل میڈیا پر چوہدری فوق شیر باز سے ملاقات کے متعلق ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے بڑے بھائی کی وفات کے بعد طبیعت کی ناسازی کی وجہ سے اسلام آباد رہا ہوں جس کی وجہ سے بہت سے آنے والوں دوستوں سے گاؤں فاتحہ خوانی پر ملاقات نہیں ہو سکی۔
انہوں نے کہا کہ اس وجہ سے جہلم آنے کے بعد چوہدری فوق شیرباز اور ان کے دوست بڑے بھائی کی فاتحہ خوانی کے لیے آئے تھے۔ کسی جماعت میں نہیں جا رہا، ن لیگ کے ساتھ ہوں آئندہ الیکشن میں پارٹی نے جو بھی ٹکٹ دیا اس پر الیکشن کروں گا چاہے قومی اسمبلی کا ہو یا صوبائی اسمبلی کا۔
سابق ایم پی اے کا کہنا تھا کہ جہلم میں تمام الیکشن میں ن لیگ کی سیاسی مخالفت میں الیکشن لڑنے والوں کی جماعت میں شمولیت کے بعد پارٹی کے کارکنوں کو تحفظات ہیں جو کہ پارٹی قیادت سے ملاقات کے بعد اس کا حل نکلے گا۔ ایک بات طے ہے کہ پی ڈی ایم آئندہ الیکشن سے قبل مہنگائی کا خاتمہ کرے گی اور عوام کو ریلیف دے گی، ملک میں موجودہ مہنگائی کا خاتمہ جلد ہو گا۔