دینہ: امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا کہ دعوت الی اللہ کے لیے ضروری ہے کہ بندہ خود بھی با عمل ہو اور جسے دعوت دی جا رہی ہو اس کی خیر خواہی مقصود ہو۔ محبت، پیار، شفقت اور حکمت کے ساتھ مخلوق کو خالق کی طرف بلایا جائے اور اپنے مزاج کی سختی کو حائل کیے بغیر تبلیغ کی جائے۔
امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان کا دو روزہ ماہانہ روحانی اجتماع کے موقع پر سالکین کی بڑی تعداد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تبلیغ کے لیے کوئی وقت مخصوص کرنا ضروری نہیں، ہمارا ہر عمل اللہ کے حکم کے مطابق اور نبی کریم ﷺ کی سنت کے مطابق ہونا چاہیے یہ عمل ہمہ وقت کا ہے کسی بھی عمل کو جب دین اسلام کے اصولوں کے مطابق کیا جائے گا تو ہر لمحہ عبادت شمار ہو گا اور اُس عمل کے نتائج بھی اعلی ہوں گے، پھر ہمارا کردار ہماری تبلیغ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ قرآن کریم کا انسانیت کو نصیب ہونا انسانیت کے لیے بہت بڑا شرف ہے۔ تربیت کے لیے انبیاء مبعوث فرمائے گئے۔ ہمیں اپنی ذات کے خول سے نکل کر ذاتِ باری تعالی کی بات کرنی چاہیے۔ اللہ اتنے کریم ہیں کہ اگر کوئی گناہ کا ارادہ رکھتا ہو پھر اسے رد کر دے تو اس پر بھی اجر و ثواب عطا فرماتے ہیں اور اگر کوئی نیک اعمال اختیار کرے تو اس پر کیا کرم اور فضل ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کریم ہر ایک کے حال سے واقف ہیں کوئی ظاہر کرے یا چھپائے۔ عبادات کا شمار کرنا لازم نہیں وہ جانتا ہے کہ کس درجے کے رکوع و سجود ہیں اور ایک دن آنے والا ہے جب سب جان جائیں گے کہ ان کے اعمال کس درجے کے تھے۔ ہمیں اپنی پوری قوت سے اس کی اطاعت کرنی ہے نتائج اللہ کریم کے دستِ قدرت میں ہیں اللہ کریم ہمارے حال پر رحم فرمائیں اور ہمیں صحیح شعور عطا فرمائیں۔
آخر میں انہوں نے ملکی سلامتی اور بقا کی اجتماعی دعا فرمائی۔