تحصیل پنڈدادنخان کے معروف سیاسی گھرانے سے تعلق رکھنے والے حلقہ پی پی 27 سے امیدوار برائے صوبائی اسمبلی بیرسٹر چوہدری تیمور نواز جٹ نے گزشتہ روز لندن میں سابق وزیراعظم پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں محمد نواز شریف سے خصوصی ملاقات کی اور اپنے حلقہ کی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے بعد لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تیمور نواز جٹ نے کہا کہ میاں نواز شریف سے ملاقات حسب سابق انتہائی خوشگوار رہی، انہوں نے حلقہ کی سیاست میں فعال کردار ادا کرنے کی ہدایات کی ہیں۔ ملک کو موجودہ دلدل سے نکالنے کے لئے میاں برادران ہی موثر کردار ادا کرسکتے ہیں، مسلم لیگ (ن) کا نظریہ ہی پاکستان کی بقاء اور سالمیت ہے پاکستانی عوام فتنے سے پناہ کے خواہش مند ہیں۔
تیمور نواز جٹ نے کہا کہ سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے ضلع جہلم کی سیاست کو بربادی کے دہانے پہنچا دیا، فواد چوہدری کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ درجنوں چاہنے والے قریبی لوگوں کی کنارہ کشی کے بعد ان کے رشتہ داروں نے بھی سیاسی راہیں جدا کرلی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری کی سیاست کا محور پٹوار خانے، تھانے اور سگے بھائی اور کزن ہیں جس سے لوگوں کی اکثریت ان سے نالاں ہے۔ ضلع جہلم مسلم لیگ (ن)کا قلع تھا اور انشاءاللہ آئندہ انتخابات میں ثابت کریں گے کہ ضلع جہلم کے عوامی دل میاں برادران اور مسلم لیگ کے ساتھ دھڑکتے اور اور یہ میاں برادران ناقابل تسخیر قلعہ ہے۔