ملک پاکستان اشرافیہ کیلئے جنت جبکہ غریب عوام کیلئے جہنم بنا دیا گیا ہے۔ محمد امجد بٹ

0

جہلم کے معروف سینئر صحافی و تجزیہ نگار محمد امجد بٹ نے کہا ہے کہ ملک پاکستان اشرافیہ کیلئے جنت جبکہ غریب عوام کیلئے جہنم بنا دیا گیا ہے، ملکی وسائل کو بے دریغ لوٹنے والی اشرافیہ بے رحم اور غیر ذمہ دار ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معیشت کو برباد کرنے کی ذمہ داری اشرافیہ پر عائد ہوتی ہے مگر اسکی سز ا غریب عوام کو دی جارہی ہے عوام کا مہنگائی کی وجہ سے جینا محال ہو چکا ہے، بیروز گاری دن بدن بڑھتی جارہی ہے، مالداروں کیلئے بنائی گئی پالیسیاں ملک میں غربت بڑھا کہ مڈل کلاس کو ختم کر رہی ہیں جس سے معاشرہ تباہ ہو رہا ہے۔

محمد امجد بٹ نے کہا کہ صاحب حیثیت افراد وسائل لوٹنے میں سب سے آگے ہیں مگر ٹیکس ادا نہیں کرتے اور نہ ہی ذمہ داری پوری کرتے ہیں، اشرافیہ پاکستان سے اربوں روپے لوٹ کر بیرون ملک کارروبار کھڑے کرتے ہوئے جائیدادوں میں غیر معمولی اضافہ کر رہے ہیں ۔ انھیں عوام اور انکے مسائل کی کوئی پرواہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک معتبر مغربی ادارے کی حالیہ رپورٹ کے مطابق ساری دنیا میں عدم مساوات کا سلسلہ پچھلے 50 سالوں سے جاری ہے مگر کورونا وائرس کی وباء کے دوران اس میں بہت تیزی آئی، وبا کے دوران دنیا کے سب سے امیر 10 افراد کی دولت دگنی ہوگئی، دیگر ارب پتیوں نے بھی بہتی گنگا میں خوب ہاتھ دھوئے جبکہ 99 فیصد لوگوں کی آمدنی پر ضرب پڑی اور انکے لئے ضروری اخراجات پورے کرنا مشکل ہو گئے۔

تجزیہ نگار امجد بٹ نے کہا کہ سال 2020 سے ارب پتیوں کی دولت میں 2.7 ارب ڈالر روزانہ کے حساب سے اضافہ ہو رہا ہے جبکہ عوام اسی رفتار سے غریب ہو رہے ہیں، اگر ترقی یافتہ ممالک اپنے ارب اور کھرب پتیوں پر صرف پانچ فیصد ٹیکس عائد کر دیں تواس پر 1.7 ٹریلین ڈالر بچائے جا سکتے ہیں جس سے 2 ارب افراد کو غربت سے نکالا جا سکتا ہے مگر ایسا ہونے کا کوئی امکان نہیں کیونکہ حکومت کے فیصلوں میں اشرافیہ کا عمل دخل خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے، پاکستان کی آبادی22 کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے ایک سروے کے مطابق 5 کروڑ سے زیادہ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے زندگیاں گزارنے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 2طرح کے لوگ رہ رہے ہیں ایک جو بڑے غریب دوسرے جو بڑے امیر ہیں درمیان والا طبقہ مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے ، در میان والے اب غربت کی سطح کے قریب پہنچ رہے ہیں اور غریب لوگ خود کشیاں کرنے پر مجبور ہیں پیسے والے امیر سے امیر تر ہو گئے ہیں جنہیں غریب ، سفید پوش، دیہاڑی دار طبقہ سے کوئی غرض نہیں کہ کون جیتا ہے کون مرتا ہے۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.