ریسکیو 1122 جہلم کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری، 2023 میں 18 ہزار سے افراد کو ریسکیو کیا

جہلم: ریسکیو 1122 جہلم کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری، ریسکیو 1122 جہلم نے سال2023 میں مجموعی طور پر 18429افراد کو ریسکیو کیا جبکہ روڈ ٹریفک حادثات میں 56 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
تفصیلات کے مطابق سال2023ریسکیو1122 جہلم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ بانی ڈائریکٹر جنرل / سیکرٹری ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارہ امتیاز) کی ہدایات کے مطابق سال 2024سیفٹی کا سال ہو گا تاکہ محفوظ معاشرے کے قیام کا مقصد حاصل کیا جائے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سعید احمد کی قیادت میں سالانہ کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر محمد ارشد تحصیل پنڈ دادنخان، ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر شہزادہ محمد اقبال تحصیل دینہ، کنٹرول روم انچارج صابر حسین جہلم، سینئر اکاؤنٹنٹ محمد شیراز، تمام تحصیلوں کے اسٹیشن کوآرڈینیٹرز اور دیگر سینئر آفیشلز نے شرکت کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ سال 2023 میں جہلم کے ریسکیورز نے اپنے بلند حوصلے اوربہترین پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ریسکیو1122 جہلم نے بروقت رسپانس کرتے ہوئے مجموعی طور پر 18429لوگوں کو ریسکیو کیا اور ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد 12725 مریضوں کو ہسپتال منتقل کیا۔سال 2023 میں اوسط ایمرجنسی رسپانس ٹائم 7 اعشاریہ 9منٹ رہا ۔
ریسکیو 1122 جہلم کنٹرول روم کو مجموعی طور پر93455 فون کالز موصول ہوئیں جن میں سے 16394ایمرجنسی کی کالز تھیں۔ ان میں 3175روڈ ٹریفک ایکسیڈینٹ، 10588میڈیکل ایمرجنسی،221فائرایمرجنسی، 265کرائم کیس،14 ڈوبنے کے واقعات، 4 عمارتیں گرنے کے واقعات اور 2127متفرق ایمرجنسی تھیں۔
3175روڈ ٹریفک ایکسیڈینٹ پر رسپانس کیا گیا ان میں مریضوں کی تعداد 3735 تھی۔ ان حادثات میں سے کل 3007 موٹر سائیکل ، 508 کاریں، 186 ٹرک، 41 بسیں، 197 رکشہ اور 31 ٹریکٹر ٹرالی شامل تھیں۔ جبکہ ان میں 183 کم عمر ڈرائیورز شامل ہیں۔
سال 2023 میں مختلف ایمرجنسی میں کل 654 افراد جان کی بازی ہار گئے جن میں سےروڈ ٹریفک ایکسیڈینٹس میں 56 افراد، دیگر میڈیکل ایمرجنسیز میں 574 افراد ، ڈوبنے کے واقعات میں 17 اور عمارات گرنے کی وجہ سے 07 افراد اپنی جان کی بازی ہارے۔
علاوہ ازیں پیشنٹ ٹرانسفر سروس(PTS) کے تحت مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں سے2467 مریضوں کو راولپنڈی، اسلام آباد اور سرگودھا کے بڑے ہسپتالوں میں شفٹ کیاگیا۔
اس موقع پر انچارج ریسکیو1122 جہلم انجینئر سعید احمد کا کہنا تھا کہ ریسکیو1122کے جوان کسی بھی ایمرجنسی یا سانحہ سے نمٹنے کے لئے ہر وقت تیار ہیں۔ریسکیو1122 کا ادارہ عوام کا ادارہ ہے اور ہم عوام کی فلاح کے لئے کام جاری رکھیں گے۔ ہمارا مقصد عوام الناس کو بر وقت بہترین ریسکیو سروس مہیا کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سال2023 میں ریسکیو 1122 جہلم کو 47821 غیر ضروری کالز موصول ہوئی ہیں۔لہٰذا ہم عوام سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اس نمبرپر غیر ضروری کالز سے اجتناب کریں کیونکہ ایسا کرنے سے کسی مستحق شخص جس کو سروس کی اشد ضرورت ہو،اس کی جان بھی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کمیونٹی سیفٹی ونگ ریسکیو 1122 جہلم کی جانب سے بلند عمارتوں کا سروے بھی کیا گیا، اور مالکان کو عمارات کی سیفٹی کے قوانین پر عملدرآمد کرنے کے لیے ضروری ہدایات دی گئیں تاکہ بلند عمارتوں کو محفوظ بنایا جاسکے۔
علاوہ ازیں محفوظ معاشرہ کے قیام کے لئے مختلف اداروں،سکولز، کالجز،اور یونین کونسلز کی سطح فرسٹ ایڈ اور کیڈرے کی تربیت دی گئی۔جن میں شہریوں کو حادثات سے آگاہی، ابتدائی طبی امداد اور دیگر میڈیکل حادثات سے متعلق تربیت دی گئی، اس کے علاوہ قدرتی آفات اور دیگر حادثات سے متعلق فرضی مشقوں کا بھی انعقاد کیا گیا۔



