دبئی کے پارکوں میں داخلے کا ٹکٹ خریدنے کا طریقہ کار تبدیل

دبئی کی حکومت نے پارکوں میں داخلے کا ٹکٹ خریدنے کا طریقہ کار تبدیل کردیا جس کے تحت متعدد عوامی پارکوں میں داخلے کے لیے اب نول کارڈز قبول نہیں کیے جائیں گے۔
خلیج ٹائمز کے مطابق دبئی کے کئی پبلک پارکس اب نول کارڈز قبول نہیں کر رہے، دبئی کے مختلف علاقوں میں پارکوں کا دورہ کرنے والے رہائشیوں نے حال ہی میں اس تبدیلی کی اطلاع دی، جس پر دبئی میونسپلٹی کے ایک کسٹمر سروس ایجنٹ نے بھی اس کی تبدیلی تصدیق کی کہ ڈو (Du) اور دبئی میونسپلٹی کے درمیان شراکت داری پر دستخط کے بعد دبئی کے بیشتر پارکوں میں نول کارڈ کی ادائیگی کا نظام ختم کردیا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ پارکوں کا رخ کرنے والے اب نقد یا کریڈٹ کارڈ کے ذریعے ٹکٹ خرید سکتے ہیں، اس کے بعد پارکوں کے داخلی دروازے پر رکھی گئی مشینوں پر ان کو سکین کیا جاتا ہے جہاں پہلے نول کارڈ مشینیں موجود ہوتی تھیں، صفاء پارک جیسے کچھ پارک اپنے فون کے ذریعے وزیٹرز کو ادائیگی کا سمارٹ آپشن بھی پیش کر رہے ہیں، پارک جانے والے سام سنگ پے، گوگل پے یا ایپل پے کے ذریعے ادائیگی کرسکتے ہیں اور بغیر ٹکٹ کے عمل کے ذریعے پارک میں داخل ہو سکتے ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ یہ سمارٹ سسٹم ابھی بھی متعارف ہونے کے عمل میں ہے کیوں کہ تمام پارکوں نے اسے ابھی تک متعارف نہیں کرایا، ٹکٹوں کی قیمت ہر پارک میں یکساں رہتی ہے، صرف لین دین کا طریقہ تبدیل کیا گیا ہے، تاہم یہ نیا نظام بہت سے رہائشیوں کے لیے ایک دور کا خاتمہ ہے جو اپنے نول کارڈ اپنے پسندیدہ پارکوں میں جانے کے لیے ہمہ وقت اپنے پاس رکھتے تھے۔
خیال رہے کہ 2017ء میں دبئی میونسپلٹی نے پارک جانے والوں کے پاس داخلے کے لیے نول کارڈ ہونا لازمی قرار دیا تھا جن کے پاس یہ نہیں ہوتا تھا ایسے رہائشی پارک سے 25 درہم میں گرین نول کارڈ خریدتے تھے، نول کارڈز کو سکین کرنے کے لیے خصوصی گیٹ نصب کیے گئے تھے اور رہائشی کچھ پارکوں میں داخل ہونے کے لیے اپنے موبائل فون پر نول ایپلی کیشنز بھی استعمال کر سکتے تھے۔



