چیف سیکرٹری کا جہلم کا دورہ؛ الیکشن کا پرامن انعقاد ہی ملکی ترقی کیلئے بنیادی ضرورت ہے، زاہد اختر زمان

جہلم: چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کا دورہ جہلم، ضلعی الیکشن کنٹرول روم کا معائنہ، ڈی سی جہلم کی الیکشن کی تیاری اور کنٹرول روم بارے بریفنگ، کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ اور آر پی او خرم علی شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔
تفصیلات کی مطابق چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے ضلع جہلم کا دورہ کیا۔ چیف سیکرٹری کے ہمراہ کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ اور آر پی او خرم علی شاہ بھی تھے۔ چیف سیکرٹری نے ضلع کونسل ہال میں قائم الیکشن کنٹرول روم کا دورہ کیا جہاں ڈی سی جہلم نے ان کو الیکشن کے حوالے سے تیاریوں اور کنٹرول روم کی اغراض و مقاصد سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کنٹرول روم کو تسلی بخش قرار دیا، جس کے بعد چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے الیکشن کنٹرول روم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے چیف سیکرٹری کو سکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے ڈی سی آفس میں سابق ڈی سی جہلم کیپٹن (ر) عبدالستار عیسانی (مرحوم) کی یاد میں بنائے گئے میٹنگ ہال کا بھی افتتاح کیا۔
اس موقع پر منعقدہ اجلاس میں ڈی سی جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے چیف سیکرٹری کو ضلع جہلم کی تاریخ اور گزشتہ ایک سال کے دوران اپنے دور میں ترقیاتی وعوامی فلاح کے کاموں اور الیکشن کی تیاریوں بارے مختصر بریفنگ دی۔
چیف سیکرٹری پنجاب اور کمشنر راولپنڈی کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت سب سے اہم ذمہ داری الیکشن کی ہے اور اس حوالے سے ہر قسم کے انتظامات بالکل مکمل ہونے چاہئیں، الیکشن کا پرامن انعقاد ہی ملکی ترقی کے لئے بنیادی ضرورت ہے۔

چیف سیکرٹری نے ڈی سی جہلم کی جانب سے دی گئی بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ضلع جہلم میں ترقیاتی و فلاحی کاموں کو سراہا۔



