میونسپل کمیٹی جہلم کی مہربانیاں، دریائے جہلم میں کوڑا کرکٹ پھینکا جانے لگا

جہلم: میونسپل کمیٹی جہلم کی جانب سے پرانے پل کے قریب دریا میں کچرا پھینکا جانے لگا، شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے دریائے جہلم کی خوبصورتی بچانے کی اپیل کر دی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں پرانے پل کے قریب دریائے جہلم میں چند ماہ سے میونسپل کمیٹی جہلم کی جانب سے کوڑا کرکٹ پھینکا جا رہا ہے جو اب کچرے کے ڈھیر میں تبدیل ہوتا جارہا ہے، اس بارے کئی بار انتظامیہ کو آگاہ کیا گیا مگر کسی کوکوئی اثر نہیں۔
اب اس کچرے کے ڈھیروں کو آگ بھی لگائی جارہی ہے جس سے پل پر سے گزرنے والوں کو بدبو کے ساتھ ساتھ دھواں بھی برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔

اس حوالے سے جہلم کے شہریوں کا کہنا ہے کہ جہاں ڈپٹی کمشنر جہلم سمیع اللہ فاروق اندرون جہلم اور داخلی راستوں کو سنوارنے کی کوششوں میں مصروف ہیں وہیں ایک اہم داخلی راستہ پرانا پل بھی ہے جسے بلدیہ بدبودار اور گندا کرنے میں مصروف ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر دریائے جہلم کا پل ایک خوبصورت نظارہ پیش کرتا تھا جس کے اطراف میں مہمان پرندے ہمیشہ ہر سال آتے ہیں۔ اگر اسی طرح کچرا پھینکا جانے لگا تو پرندے تو انسانوں کی طرح مجبور و بے بس نہیں ہوتے وہ کہیں اور بسیرا کرجائیں گے اور یہ دریا بھی دریائے راوی اور دریائےچناب کی طرح گندگی و بدبو میں گزرنے والوں کو خوش آمدید کرے گا۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے پرزور اپیل کی ہے کہ جہاں پہلے کچرے کو پھینکا جاتا تھا وہیں دوبارہ سے پھینکا جائے اور اس پڑے ہوئے کچرئے کو بھی اٹھانے کے احکامات جاری کئے جائیں۔



