چوہدری محمد یامین باگڑی کالج آف ٹیکنالوجی پنڈدادنخان میں شاندار سپورٹس گالا کاانعقاد

پنڈدادنخان: گورنمنٹ چوہدری محمد یامین باگڑی کالج آف ٹیکنالوجی پنڈدادنخان میں شاندار سپورٹس گالا کاانعقاد، مہمان خصوصی نمبردار راجہ غلام اکبر منڈاھر نے کرکٹ کا شارٹ لگا کر کھیلوں کا افتتاح کیا، افتتاحی تقریب سے قبل مہمان خصوصی نمبردار راجہ غلام اکبر منڈاھر کو ان کی رہائش گاہ سے انتہائی منفرد انداز میں درجنوں سجی ہوئی گاڑیوں کے جھرمٹ میں طلباء کالج تک لے کر آئے جہاں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے ہوئے ان کا بھرپور استقبال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق چوہدری محمد یامین باگڑی کالج آف ٹیکنالوجی پنڈدادنخان میں تین روزہ سپورٹس گالہ کی افتتاحی تقریب کا انعقاد ہوا جس کے مہمان خصوصی راجہ غلام اکبر منڈاھر نمبردار تھے جنہوں نے فیتہ کاٹتے ہوئے کرکٹ کا شارٹ لگا کر کھیلوں کا آغاز کیا جبکہ اس سے قبل افتتاحی تقریب کی رونمائی کے لیے کالج آف ٹیکنالوجی کی مختلف کلاسز نے بھرپور انداز میں ہلہ گلہ کرتے ہوئے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈال کر گراؤنڈ میں اپنی انٹری دے کر حاضرین کے دل مولیے۔
اسی موقع پر کالج آف ٹیکنالوجی کی سپورٹس سرگرمیوں میں حصہ لے کر پورے نارتھ پنجاب میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے طالب علموں نے بھی بھرپور انداز میں گراؤنڈ میں اپنی انٹری دی جس پر حاضرین نے خوب تالیاں بجاتے ہوئے ان کا استقبال کیا اور کالج کا نام روشن کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔
حاضرین اور طالب علموں سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل انجینئر جاوید اقبال نے کالج اف ٹیکنالوجی کے ٹیچرز اور دیگر عملہ کے ساتھ ساتھ طالب علموں کے نظم و ضبط اور اپنی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری یامین باگڑی کالج آف ٹیکنالوجی کی کارکردگی اجتماعی کوششوں کا ہی نتیجہ ہے جس کے لیے میں شکر گزار ہوں۔
حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے علاقہ کی معروف سماجی شخصیت چوہدری سلیم باگڑی نے کہا کہ کالج کی نصابی اور غیر نصابی سرگرمیاں نہ صرف تحصیل کی حد تک بلکہ پورے ڈویژن سے ہوتی ہیں نارتھ پنجاب تک طالب علموں نے کھیل کے میدان میں اپنا لوہا منوایا اور کالج کا نام روشن کیا، جس کے لیے اہلیان پنڈدادنخان کالج کے پرنسپل انجینئر جاوید اقبال اساتذہ کرام ڈی پی سمیت کالج کا جملہ سٹاف مقامی طالب علموں کو اچھا ماحول فراہم کرنے پر خراج تحسین کا مستحق ہے۔
آخر میں طالب علموں کی جانب سے مہمان خصوصی راجہ غلام اکبر منڈاھر نمبردار کی کالج میں تشریف آوری پر شکریہ ادا کرتے ہوئے مہمان خصوصی سمیت مقامی کمیونٹی کے افراد کو یادگاری شیلڈز اور تحائف پیش کیے ۔



