جہلم میں عالمی ہفتہ آبادی کی تقریبات کا آغاز 18 مارچ سے ہو رہا ہے، حسن خالد وڑائچ
جہلم:ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفس جہلم کے زیر اہتمام عالمی ہفتہ آبادی 18 تا 23 مارچ 2024 کے حوالے سے ضلع جہلم میں ہفتہ آبادی کی تقریبات کا آغاز ہو گا۔
حسن خالد وڑائچ ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر جہلم نے میڈیا کو بتایا کہ عالمی ہفتہ آبادی کی تقریبات کا آغاز 18 مارچ سے ہو رہا ہے جس میں تحصیل وضلع جہلم کی سطح پر آگاہی واک، سیمینار، لیکچرز، صحت اور خاندانی منصوبہ بندی کے کیمپس، فیملی میلہ اور کمیونٹی کی سطح پر سیشنز کے انعقاد کے ذریعے عوام الناس تک تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی اور اس کے اثرات بارے آگاہی دی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ عالمی ہفتہ آبادی کے تحت خصوصی فیملی پلاننگ سٹالز، تمام فیملی ہیلتھ کلینکس اور فلاحی مراکز پر فیملی پلاننگ انفارمیشن بوتھ قائم کئے جائیں گے جبکہ محکمہ بہبود آبادی کے پیغامات کی عوام الناس تک رسائی کے لئے ضلع کے اہم مقامات اور شاہراہوں پر سٹیمرز، بینرز آویزاں کیے جائیں گے اور پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے پیغامات کیلئے سوشل و ڈیجیٹل میڈیا کے استعمال کو فروغ دیا جائے گا۔



