روزہ دار سحری اور افطاری میں تلی ہوئی اشیاء کے استعمال سے پر ہیز کریں، ڈاکٹر فواد مجید چوہدری

جہلم: ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے میڈیکل سپیشلسٹ ڈاکٹرفواد مجید چوہدری نے روزہ داروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سحری اور افطاری کے وقت تیل میں تلی ہوئی اشیاء کے استعمال سے پر ہیز کریں، خاص طور پر وہ لوگ جو بلڈ پریشر اور دل کے امراض میں مبتلا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افطار کرتے وقت تیز ٹھنڈا شربت ہرگز استعمال نہیں کرنا چاہیے کیونکہ ایسا کرنے سے گلا خراب ہو جاتا ہے اور پھر بخار ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
ڈاکٹر فواد مجید چوہدری کا کہنا تھا کہ افطاری سادہ ہونی چاہیے اور کھانے میں سبزیوں کا استعمال کیا جانا چاہیے ،جبکہ ضرورت کے مطابق گوشت استعمال کرنا چاہیے کیونکہ تیل میں تیار شدہ اشیاء کا استعمال بہت سی بیماریوں کا باعث بنتا ہے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ 13 سے 14 گھنٹے کے روزے میں پیاس کی شدت کو کم کرنے کے لیے دودھ اور گھر کے بنے ہوئے شربت کا استعمال بہتر ہے۔



