ضلع جہلم میں ہونے والی بارش سے سردی کا یوٹرن

جہلم شہر اور گردونواح میں ہونے والی بارش سے سردی کا یوٹرن، شہریوں نے ایک بار پھر جرسیاں ، سویٹر پہن لئے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر اور گردونواح میں بوندا باندی کے ساتھ بارش ہوئی جس سے سردی کی لہر میں اضافہ ہو گیا۔ عید الفطر گزرتے ہی موسم ٹھنڈا ہو گیا، انتظامیہ کی جانب سے صفائی ستھرائی کرنے والے عملے نے بروقت کام کرتے ہوئے سڑکوں پر کھڑا ہونیوالا پانی صاف کروادیا۔
دوسری جانب بارش کی وجہ سے مختلف علاقوں کے فیڈرز ٹرپ کر گئے جس کیوجہ سے گھنٹوں بجلی بند رہی اورآئیسکوواپڈا نے عوام الناس کی شکایات کے ازالے کے لئے بروقت کام نہ کیئے جس کیوجہ سے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔دوسری جانب بجلی کے بلوں پر دیئے گئے نمبرز بھی کسی نے ایٹنڈ کرنے کی ضرورت محسوس نہ کی۔
شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ متعلقہ سب ڈویژنز کے نمبرز کسی نے ایٹنڈ ہی نہیں کئے جبکہ گریڈ اسٹیشن کا نمبر پچھلے کئی ماہ سے بند پڑا ہے ۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ آئیسکو انتظامیہ کو چاہیے کہ تمام سب ڈویژن میں ٹیلیفون ایٹنڈ کرنے کے لئے ملازمین کی ڈیوٹیاں لگائی جائیں اور صارفین کو آگاہی حاصل کرنے کے لئے گریڈ اسٹیشن کا فون فعال بنایا جائے اور تمام ایس ڈی اوز کو واٹس ایپ گروپس بنانے کا پابند بنایا جائے جس گروپ میں صارفین کو شامل کیا جائے تاکہ صارفین کی شکایت کافوری اذالہ ممکن ہو سکے۔



