مولانا ابوبکر معاویہ کے خلاف جھوٹے مقدمے کے پس پردہ ملک دشمن عناصر ہیں، حافظ عبدالحمید عامر

جہلم: مولانا ابوبکر معاویہ کے خلاف جھوٹے مقدمے کے پس پردہ ملک دشمن عناصر ہیں، ملک کو فرقہ واریت کی خطرناک آگ میں دھکیلنے والوں کو منہ کی کھانا پڑے گی۔
ان خیالات کا اظہار مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے نائب امیر اور جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مہتمم حافظ عبدالحمید عامر نے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو فرقہ واریت کی خطرناک آگ میں دھکیلنے والے عناصروطن کے دشمن ہیں، ایسے سازشی عناصر کوپہلے کی طرح اس بار بھی منہ کی کھانا پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان ایک پر امن جماعت ہے، لیکن ہماری اس اصولی اور محب وطن پالیسی کو کمزوری نہ سمجھا جائے، ہم اپنے علمائے کرام کا تحفظ ہر صورت کریں گے اور اس کیلئے ہر پلیٹ فارم پر جانے کو تیار ہیں۔ مولانا ابوبکر معاویہ کے چاہنے والے جماعتی احباب میں ان پر ہونے والے جھوٹے مقدمات کے سبب شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور علمائے کرام کے ساتھ ایسے تذلیلانہ رویے سے ملک انتشار کی طرف جائے گا، جس کا ہمارا وطن عزیز ہر گز متحمل نہیں ہے۔
حافظ عبدالحمید عامر نے کہا کہ ہم حکومت پاکستان اور متعلقہ اداروں سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ مولانا ابوبکر معاویہ کو فی الفور رہا کیا جائے اور اس ظلم کے ذمہ داروں کو قانون و انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے اور قانون کے مطابق ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے، اگر مولانا ابوبکر معاویہ کو جلد انصاف نہ دیا گیا تو ہماری قیادت ملک گیر احتجاج کی کال دے گی۔



