جہلم میں چند منٹوں کی بارش نے میونسپل کمیٹی کی کارکردگی کا پول کھول کر رکھ دیا

جہلم: چند منٹوں کی بارش نے میونسپل کمیٹی کی کارکردگی کا پول کھول کر رکھ دیا، اندرون شہر کے نالوں کی بندش اور صفائی نہ ہونے کے باعث گزشتہ روز ہونے والی بارش کے باعث اندرون شہر کے گلی محلے نالوں کے گندے پانی سے بھر گئے، راہگیروں کو سخت دشواری کا سامنا کرنا پڑا ، بد بو اور تعفن سے لوگوں کو سخت ذہنی اذیت کا سامنا رہا۔
تفصیلات کے مطابق اندرون شہر کی سڑکوں سمیت ملحقہ علاقوں کے نالوں کی بندش اور بروقت صفائی نہ ہونے کے باعث گزشتہ روز ہونے والی بارش نے ہر طرف جل تھل ایک کرکے رکھ دیا، نالوں کا گندا پانی سڑکوں پر برساتی نالوں کی منظر کشی کرنے لگاجس کے باعث لوگوں کو سخت دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
شہریوں نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میجر اکرم شہید روڈاور سول لائن روڈ ، محلہ عباس پورہ کے مکینوں نے نکاسی آب کے نالوں پر پختہ تجاوزات قائم کررکھی ہیں، میونسپل کمیٹی کے شعبہ تجاوزات سب کچھ جاننے کے باوجود خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے جو کہ ایم سی کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔
شہریوں نے ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی ، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سے مطالبہ کیاہے کہ نکاسی آب کے نالوں پر قائم تجاوزات کو ختم کروایا جائے اور نالوں کی صفائی ستھرائی کروائی جائے تاکہ آئندہونے والی بارشوں میں عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔



