برطانیہ میں سیاسی پناہ کے خواہشمندوں کو روانڈا بھیجا جائے گا، لارڈ قربان کے استفسار پر جواب

لوٹن: ہاؤس آف لارڈز میں ایک بحث کے دوران لارڈ قربان حسین نے حکومت برطانیہ سے یہ استفسار کیا ہے کہ برطانیہ کی اب پاکستان اور بنگلہ دیش جیسے ممالک سے آنے والے نئے سیاسی اسائلم سیکرز کے لیے پالیسی کیا ہوگی؟ اس کا جواب دیتے ہوئے متعلقہ وزیر مملکت نے واضح کیا ہے کہ اب نئے سیاسی پناہ گزینوں کو روانڈا بھیجا جائے گا۔
تفصیل کے مطابق لارڈ قربان حسین نے کہا ہے کہ برطانیہ کی تاریخ ہے کہ اس نے کئی سیاسی رہنماؤں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور طلباء کو، بعض اوقات، مختلف ممالک سے سیاسی پناہ دی ہے ایسے ممالک میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے سیاسی افراد بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جہاں سے سیاسی رہنماؤں نے ان ممالک میں فوجی حکومت کے دوران سیاسی پناہ مانگی ہے یا بعض اوقات فوج نے براہ راست حکومت نہ کرنے کے باوجود سیاست دانوں کے لیے ملک کے اندران کے لیے جگہ تنگ کر دی تھی اور ان میں سے بہت سے لوگوں نے برطانیہ میں سیاسی پناہ حاصل کی تھی۔ پناہ کے دوران برطانیہ ان میں سے بہت سے لوگوں کا گھر رہا ہے۔
لارڈ قربان حسین نے کہا کہ ان کا سوال بہت مختصر ہے کہ ایسے ممالک سے جو بھی سیاسی رہنما یا انسانی حقوق کے کارکنان برطانیہ آتے ہیں ان کا کیا ہوگا؟ کیا ان کی درخواستیں یہاں ترتیب دی جائیں گی یا انہیں روانڈا بھیجا جائے گا؟ جس کا جواب فراہم کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ انہیں روانڈا بھیجا جائے گا۔



