شدید موسمی حالات سے نمٹنے کیلئے مناسب منصوبہ بندی اور اداروں کے درمیان رابطہ ضروری ہے، ڈپٹی کمشنر جہلم

جہلم: شدید موسمی حالات سے نمٹنے کیلئے مناسب منصوبہ بندی اور اداروں کے درمیان رابطہ ضروری ہے تاکہ موسمی تبدیلیوں سے بچا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی نے یہ بات ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں آنے والے دنوں میں دریائے جہلم میں پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کا پیشگی جائزہ لینے، گرمی کی شدید لہر سے پیدا ہونے والی صورتحال، گرمی کے موسم میں جنگلات میں لگنے والی آگ میں اضافے اور گندم کی کٹائی کے بعد باقیات کو آگ لگانے جیسے اہم امور کو زیر بحث لایا گیا۔
اجلاس میں انجینئر سعید احمد ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد حسان طارق، اسسٹنٹ کمشنر جہلم محمد مبین احسن، اسسٹنٹ کمشنر دینہ، چیف میونسپل آفیسر جہلم، ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کوآرڈینٹیر محمد صبورثاقب، ڈاکٹر مظہر حیات چیف ایگزیکٹو آفیسر محکمہ صحت، محمد نبیل ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لائیو سٹاک، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر، سب ڈویژنل آفیسر سمال ڈیمز اور دیگر محکمہ جات کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں آئندہ ماہ شدید گرم موسم کے حوالے سے حفاظتی اقدامات اور دیگر معاملات پر غور کیا گیا جبکہ آئندہ موسم برسات میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے بچاؤ کیلئے تمام متعلقہ محکموں کی کوارڈینیشن پر بریفنگ دی گئی۔
ڈی سی جہلم نے اس حوالے باقاعدہ آگاہی مہم چلانے اور شہریوں کو شدید گرمی کے موسم سے بچانے کے لیے تمام محکموں کو اپنا کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔
انجینئر سعید احمد ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 نے سیلابی صورتحال میں پیدا ہونے والے حالات اور جنگلات میں لگنے والی آگ میں اضافے پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر جہلم نے موسم گرما میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچنے کے تمام تر اقدامات پر سختی سے عمل درامد کروانے کی ہدایات کیں۔ زرعی فصلوں کی باقیات اور کوڑا کرکٹ کو آگ لگانے، زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کا شہر میں داخلے پر پابندی اور ٹریفک پلان اور ماحولیاتی آلودگی سے بچنے کے لیے اقدامات زیر غور لائے گئے اور اس حوالے سے عوام الناس کے لیے آگاہی پروگرام جاری کرنے کی ہدایات بھی کی گئیں ۔
اس موقع پر محکمہ پولیس، محکمہ صحت، لائیو سٹاک ، سول ڈیفنس ، میونسپل کارپوریشن،پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، ایریگیشن،محکمہ زراعت، سوشل ویلفیئر اور لوکل گورنمٹ کو موجودہ موسمی صورتحال میں لوگوں کو بہترین انداز میں اپنی سروسز فراہم کرنے کی تلقین کی اور کہا کہ تمام تر اقدامات کا مقصد عوام میں احساس تحفظ پیدا کرنا ہے۔



