جہلم: اے این ایف کے شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا، وفاقی وزیر داخلہ کی شرکت، مقدمہ درج

جہلم/ دینہ: ڈومیلی موڑ کے قریب سمگلروں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے اے این ایف کے تینوں اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، نماز جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ نے شرکت کی۔ تھانہ دینہ میں پانچ نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں ڈومیلی موڑ کے قریب جی ٹی روڈ کالا پل پر کار سوار منشیات سمگلروں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے اینٹی نارکوٹکس فورس ( اے این ایف) کے ہیڈ کانسٹیبل گلزار احمد، کانسٹیبل مظہر حسین اور پرائیویٹ اہلکار (رضاکار) ارسلان ذیشان کی نماز جنازہ جہلم کینٹ میں ادا کر دی گئی۔

نماز جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، فورسز کی اعلیٰ کمان، اے این ایف کمانڈر ڈائریکٹر ریجنل نارتھ سیکٹر بریگیڈئر حسن عباس سمیت سول و عسکری افسران نے شرکت کی۔

ادھر ایس ایچ او اینٹی نارکو ٹکس فورس دینہ مامون الرشید کی مدعیت میں اے این ایف کے اہلکاروں کو شہید کرنے والے پانچ نامزد ملزمان کے خلاف تھانہ دینہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

مقدمے میں قتل، اقدام قتل، کارسرکار مداخلت سمیت دیگر سنگین نوعیت کی دفعات شامل ہیں۔

یاد رہے کہ بدھ کے روز دوران ناکہ بندی ترقی ٹول پلازہ سوہاوہ کے قریب اے این ایف کے اہلکاروں کی جانب سے مشکوک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا تو منشیات سمگلروں نے گاڑی بھگا دی۔ تعاقب میں جانے والی اے این ایف کی گاڑی کو ڈومیلی موڑ کے قریب جی ٹی روڈ کالا پل کے مقام پر ملزمان نے فائرنگ کا نشانہ بنا دیا۔

ملزمان کی فائرنگ سے ہیڈ کانسٹیبل گلزار احمد، کانسٹیبل مظہر حسین اور پرائیویٹ اہلکار (رضاکار) ارسلان ذیشان جاں بحق ہوگئے۔

فائرنگ کرنے والے خطرناک ملزمان قریبی پہاڑی سلسلہ میں روپوش ہو گئے جو تاحال گرفتار نہ ہو سکے۔ سمگلروں کی گاڑی اور منشیات تحویل میں لے لی گئی۔

ذرائع کے مطابق جہلم پولیس نے دو ملزمان کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق اے این ایف نے شہزاد نامی کار ڈرائیور کو گرفتار کرلیا جس نے ابتدائی بیان میں بتایا کہ کھاریاں کے بلال نامی شخص نے اسکی کار بک کی۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بھی اسی مقام پر اے این ایف پر شدید فائرنگ ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button