جہلم انتظامیہ کے زیر اہتمام منعقد ہونے والا پانچ روزہ سپورٹس فیسٹیول اختتام پذیر

جہلم: ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام منعقد ہونے والا پانچ روزہ سپورٹس فیسٹیول اختتام پذیر ہو گیا۔
کرکٹ ٹورنامنٹ میں پائنئر کرکٹ کلب نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل جیت لیا۔
پہلا سیمی فائنل فیض کرکٹ کلب اور پائنئر کلب کے درمیان ہوا جس میں پائنئر کلب نے بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے فتح حاصل کی۔ دوسرا سیمی فائنل ڈی سی الیون اور سوہاوہ کرکٹ کلب کے درمیان ہوا جس میں سوہاوہ کرکٹ کلب کامیاب رہا۔
فائنل میں پائنئر کرکٹ کلب اور سوہاوہ الیون کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملا، جس میں پائنئر کرکٹ کلب نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے فتح حاصل کی۔
مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے فیسٹیولز نوجوانوں میں کھیلوں کا شوق پیدا کرنے اور صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
پانچ روزہ سپورٹس فیسٹیول میں کرکٹ کے علاوہ مختلف کھیلوں کے مقابلے بھی ہوئے جن میں کراٹے، فٹ بال، ہاکی اور بیڈمنٹن شامل تھے۔ شائقین کی بڑی تعداد نے ان مقابلوں سے لطف اندوز ہوئے اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔
ضلعی انتظامیہ جہلم نے اس فیسٹیول کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا اور مستقبل میں بھی اس طرح کے ایونٹس کے انعقاد کا عزم ظاہر کیا۔



