ضلع جہلم میں طبی سہولیات کی فراہمی ہمارا عزم ہے، ڈاکٹر اظہر محمود کیانی

جہلم: پاکستان کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز کے اعلی سطحی وفد نے مشیر صحت پنجاب ڈاکٹر اظہر محمود کیانی کے ہمراہ جہلم کے سول ہسپتال کا دورہ کیا۔ میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی اور پروفیسر محمد شعیب شفیع نے وفد کے ہمراہ ہسپتال میں طبی سہولیات، میڈیکل کالج اور ینگ ڈاکٹرز کی ٹریننگ / ہاؤس جاب کے حوالے سے امور کا جائزہ لیا۔
محکمہ صحت کے افسران ، ہسپتال انتظامیہ کے ساتھ خصوصی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں ضلع جہلم میں محکمہ صحت کے سٹرکچر، موجودہ طبی سہولیات ، سول ہسپتال میں دستیاب طبی مشینری ، میڈیکل کالج کی ضرورت اور کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز سے فارغ التحصیل ہونے والے ڈاکٹرز کی ہاؤس جاب ، ٹریننگ کے امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔
مشیر صحت پنجاب ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے کہا کہ ضلع جہلم میں طبی سہولیات کی فراہمی ہمارا عزم ہے۔ ہم ترجیح بنیادوں پر شہریوں کو تمام سہولیات ایک چھت تلے فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز کے فارغ التحصیل ڈاکٹرز کی ہاؤس جاب سے سول ہسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی پوری ہو جائے گی جس سے نہ صرف ہسپتال پر دباؤ کم ہو گا بلکہ شہریوں کو تمام سہولیات ایک چھت تلے میسر ہوں گی ۔
انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم اور پاکستان کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز کے الحاق ہونے سے سول ہسپتال میں ینگ ڈاکٹرز کو 9 مختلف شعبوں میں ٹریننگ و ہاؤس جاب کروائی جائے گی۔ ڈاکٹرز کی ٹریننگ / ہاؤس جاب شروع ہونے سے سول ہسپتال جہلم میں 30-40 ڈاکٹرز کا اضافہ ہو گا۔
ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے کہا کہ ہماری کوشش یہ ہے کہ کسی بھی مریض کو دوسرے شہر میں ریفر نہ کرنا پڑے، تمام شعبوں کے سپیشلسٹ ڈاکٹرز سول ہسپتال جہلم میں موجود ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آنے والے دنوں میں ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم میں ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی تعداد کو بڑھایا جائے گا۔ ڈسٹرکٹ ہیڈکوآرٹرز ہسپتال جہلم میں زیر تعمیر ٹراما سینٹر میں کارڈیک سینٹر بھی بنانا جا رہا ہے جو کہ 31 دسمبر 2024 تک مکمل ہو جائے گا۔



