جہلم: پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کے کارکنوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے، 20 سے زائد افراد گرفتار

جہلم: جماعت اسلامی کے دھرنے اور پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال کے پیش نظر جہلم پولیس نے پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کے رہنماؤں اور ذمہ داروں کے گھروں پر چھاپے مار کر متعدد افراد کو گرفتار کرلیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق رات گئے سے مارے جانے والے چھاپوں میں اب تک 20 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ حراست میں لیے گئے افراد کا تعلق پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی سے ہے۔ جماعت اسلامی کے ضلعی عہدیداروں کے گھروں پر بھی چھاپے مارے گئے۔
ذرائع کے مطابق گرفتاریاں ممکنہ دھرنے میں شمولیت اور احتجاج کے پیش نظر کی گئی ہیں۔ ضلع جہلم کے مختلف مقامات پر پولیس اور دیگر اداروں کی ناکہ بندی کر رکھی ہے جبکہ مزید گرفتاریوں کے لئے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔
یاد رہے کہ تحریک انصاف اور جماعت اسلامی نے آج احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔



