برطانوی حکومت کا فسادات میں ملوث تنظیموں پر پابندی لگانے پر غور، تقسیم کی کوشش ناکام بنادی گئی، طاہر علی ایم پی

برمنگھم: ساؤتھ پورٹ واقعہ کو بہانہ بنا کر جس طرح برطانیہ میں مسلم کمیونٹی اور مساجد کو انتہا پسندوں کی جانب سے نشانہ بنایا گیا اس کی برطانوی معاشرے میں کوئی گنجائش نہیں۔ وزیراعظم کئیر سٹارمر اور حکومت کے بروقت اقدامات کی وجہ سے کمیونٹیز میں نفرت اورتقسیم کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے اور اتھارٹیز امن و امان قائم کرنے اور ملزمان کو انصاف کے کٹہرے تک پہنچانے میں بلا تامل فرائض سر انجام دے رہی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار مقامی رکن پارلیمنٹ طاہر علی نے اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب کے دوران شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سعید مغل ایم بی ای اور محمد ایوب ایم بی ای کی میزبانی میں ہونے والے اس تقریب کے مہمان خصوصی برمنگھم میں پاکستان کے قونصل جنرل کامران ملک تھے۔

تقریب کی صدارت سجادہ نشین دربار عالیہ علی پور سیداں شریف پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے کی اور نظامت کے فرائض عباس ملک نےسرانجام دیئے۔ معروف کمیونٹی رہنماؤں چوہدری اظہر محمود اور چوہدری زمان نے بھی اس استقبالیہ تقریب میں خصوصی طور پرشرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت پاکستان سے آئے معروف ثنا خواں قاری افضال انجم کے حصہ میں آئی جبکہ قاری تنویر اقبال قادری نےسرور کائنات کے حضور گلہائے عقیدت پیش کئے۔

اس موقع پر ایم پی طاہر علی کا کہنا تھا کہ برطانوی حکومت دائیں بازو کی انتہا پسند تنظیموں پر پابندی لگانے پر غور کر رہی ہے۔ حالیہ فسادات میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے اور قرار واقعی سزا دلوانے کے لئے حکومت نے عدالتیں چوبیس گھنٹے کھلی رکھنے کا فیصلہ کیا۔ ہمارے نوجوانوں کو چاہئے کہ کسی طرح کی بھی غیر قانونی سرگرمیوں کا حصہ بننے سے گریز کریں ۔

انہوں نے کہا کہ یقین دلاتا ہوں کہ کمیونٹیز کے درمیان نفرت اور تفریق پیدا کرنے کے سازش حکومت اورپولیس ملکر ناکام بنا دیں گے۔ نسلی منافرت اور اسلامو فوبیا کی برطانوی معاشرے میں کوئی گنجائش نہیں۔ اپنے اعزاز میں منعقدہ اس خوبصورت تقریب کےانعقاد پر آرگنائزرز اور شرکاء کا شکر گزار ہوں۔

تقریب کے مہمان خصوصی برمنگھم میں پاکستان کے قونصل جنرل کامران ملک کا کہنا تھا کہ برطانیہ کی تعمیر و ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کا نمایاں کردارہے جو انہوں نے انتھک محنت سے حاصل کیا ہے، رکن پالیمنٹ طاہر علی اس کی وضح مثال ہیں جنہوں نے نا صرف کمیونٹی کا بلکہ پاکستان کا نام بھی روشن کیا ہے۔ پاکستانی کمیونٹی کوچاہئے کہ انتہاپسندوں کی سرگرمیوں سے دور رہیں اور مثبت و تعمیری سرگرمیوں میں حصہ لیں۔

صدر تقریب سجادہ نشین دربار عالیہ علی پور سیداں شریف پیر منور شاہ جماعتی کہا کہنا تھا ایم پی طاہر علی کا کامیابی پر پوری کمیونٹی کو فخر ہے۔ اسلام امن کا دین اور مسلمان امن کے داعی ہیں۔ برطانیہ سمیت کسی بھی ملک میں رہیں اتفاق اور محبت سے رہتے ہیں اور دوسری کمیونٹیز سے بھی اس کی توقع کرتے ہیں۔ مسلمان نوجوانوں کو چائیے کہ وہ اسلام اور پیغمبر اسلام کے پیغام امن کا پرچار کریں اور شدت پسندی سے دور رہیں، انتہا پسند چاہتے ہیں کہ ٹکراؤ ہو اور پوری دنیا میں مسلمانوں کو بدنام کیا جا سکے۔

تقریب کے میزبان بزرگ کشمیری رہنما سابق مشیر حکومت آزاد کشمیر سعید مغل ایم بی ای نے کامران ملک کو قونصل جنرل کی ذمہ داریاں سمبھالنے پرمبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ طاہر علی جیسے افراد کمیونٹی کے نوجوانوں کے لئے مثال ہیں۔ طاہرعلی کا کامیابی پوری کمیونٹی کی کامیابی ہے اور سب لو گ اس پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ اسلام میں انتہا پسندی کی کسی بھی صورت کوئی گنجائش نہیں اور نا ہی ایسے نظریات کو فروغ دینا چائیے۔ اشتعال انگیزی پھیلانے کی بجائے صبر و تحمل سے امن و آشتی کو بڑھانا چاہئے۔

محمد ایوب ایم بی ای کا کہنا تھا کہ میدان سیاست ہو یا پھر فنون لطیفہ نوجوانوں کو ہمیشہ مثبت اور تعمیری سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔ منفی سرگرمیوں سے گریز کریں تو کامیابی ہمیشہ قدم چومتی ہے۔ طاہر علی جسے افراد کی کامیابیاں پوری کمیونٹی کی کامیابیاں ہیں۔ قانون کو اپنے ہاتھ میںلینے سے گریز کرنا چا ہئے پولیس کی مدد کریں اور بہترین شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

سابق لارڈ مئیر خواجہ محمود حسین ، سابق لارڈ مئیر برمنگھم کونسلر شفیق شاہ، انجم جرال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم پی طاہر علی نے گراس روٹ لیول سے سیاست کا آغاز کیا، رکن ہارلیمنٹ بننے سے قبل وہ کئی برسوں تک وہ برمنگھم سٹی کونسل میں بطور کونسلر بھی فرائض سر انجام دیتے رہے ہیں۔ طاہر علی نے ہمیشہ عوامی خدمت اور مسائل کے حل کو اولین ترجیح دی جس کی وجہ سے ان کا عوام سے رابطہ ہمیشہ انتہائی مضبوط رہا ہے۔ وہ اپنے ساتھی کا حالیہ انتخابات میں دوبارہ کامیابی پر انتائی خوش ہیں۔

تقریب میں مقامی آرٹسٹ صابر مرزا نے پاکستان کے یوم آزادی کی مناسبت سے ملی نغمے بھی پیش کئے اور حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ تقریب کے دیگرشرکاء میں علامہ سید رشید حسین شاہ قادری، کونسلر محمد ادریس، کونسلر ماجد محمود، حلیم مجاہد، ذوالفقار نقشبندی, مرزا تاج، عابد اقبال، بوبی وارث، معتیثم وڑائچ، اورنگزیب چوہدری، ساجد یوسف، خالد لودھی، سمیت دیگر شامل تھے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button