دینہ میں مقامی سیاسی قیادت نہ ہونے سے شہریوں کو صبح و شام مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، راجہ لیاقت علی

دینہ: راجہ لیاقت علی نے کہا کہ آج کے دور میں نا صرف متوسط طبقہ متاثر ہوا ہے بلکہ مڈل کلاس سفید پوش لوگ زیادہ متاثر ہوئے ہیں، چونکہ ہم مقامی سیاسی قیادت سے محروم ہیں لہٰذا صبح و شام مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
دینہ کی سماجی و سیاسی شخصیت سابق ایم پی اے کے امیدوار راجہ لیاقت علی نے میڈیا نمائندگان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جس چیز نے عام شہری کو متاثر کیا ہے وہ بجلی کا بل ہے، لوگ گھروں کی اشیاء فروخت کر کے بل کی ادائیگی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رجسٹری کرواتے وقت بھی شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، صحت کے حوالے سے بھی تحصیل دینہ کے شہری بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں، ایک شہری کو جائز کام اس سلسلے میں بھی دفاتر کا روزانہ چکر لگانا پڑتا ہے۔
راجہ لیاقت علی کا کہنا تھا کہ معیاری تعلیم سے بھی ہمیں محروم رکھا جا رہا ہے، خصوصی طور پر شعبہ نسواں میں توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ آئے روز کھلی کچہریوں کا انعقاد ہونا اچھی بات ہے مگر لوگوں کو عملی طور پر ریلیف نہیں ملتا۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ کھلی کچہری لگائی جائے لیکن لوگوں کو عملی طور پر ریلیف دیے جانے کا انتظام کیا جائے۔



