جہلم میں ہنی ٹریپ کے ذریعے شہریوں کو بلیک میل کر کے بھاری رقوم ہتھیانے والا گینگ گرفتار

جہلم میں ہنی ٹریپ کے ذریعے بلیک میل کر کے شہریوں سے بھاری رقوم ہتھیانے والا گینگ گرفتار کر لیا گیا، گینگ کے دو پولیس اہلکاروں سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر کے منشیات برآمد کر لی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ کی زیرِ قیادت جہلم پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تھانہ سول لائن کی حدود میں ہنی ٹریپ کے ذریعے شہریوں کو بلیک میل کر کے بھاری رقوم ہتھیانے والے گینگ کے سرغنہ پولیس کانسٹیبل مظہر حیدر سمیت سرکاری اہلکار احسن نیازی اور پولیس اہلکار اقرار کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہنی ٹریپ گینگ میں تین پولیس اہلکاروں اور خاتون سمیت 6افراد شامل ہیں، دو پولیس ملازمین اور ایک سرکاری ملازم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزمان سے تین کلو چرس اور ایک کلو سے زاِئد آئس بھی برآمد کی گئی۔ ہنی ٹریپ کا نشانہ بننے والے شہری بلال کی درخواست میں کارروائی عمل میں لائی گئی۔

پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ گینگ کے سرغنہ کانسٹیبل مظہر حیدر نے مسلم ٹاؤن میں کرائے پر مکان لے رکھا ہے۔ گینگ نے بلال نامی شہری کو خاتون کی مدد سے مسلم ٹاؤن کے گھر بلا کر چارلاکھ روپے چھینے تھے۔ گینگ نے بلال نامی شہری کو ننگا کر کے تشدد کیاگیا اور ویڈیو بھی بنائی۔

پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ملزمان سادہ لوح شہریوں کو پیشہ ور خواتین کے چنگل میں پھنسا کر بھاری رقوم ہتھیانے کے ساتھ ساتھ منشیات کے گھناؤنے کاروبار میں ملوث تھے۔ خاتون سمیت تین ملزمان کی تلاش کے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button