کائنات کا سب سے قیمتی اثاثہ آقا دو جہاں حضور نبی کریم ﷺ کا اُسوہ حسنہ ہے، سید خلیل حسین کاظمی

جہلم: کائنات کا سب سے قیمتی اثاثہ آقا دو جہاں حضور نبی کریم ﷺ کا اُسوہ حسنہ ہے۔ ہمیں اپنے پیارے نبی حضرت محمد ﷺکے بتائے ہوئے عوامل پر من و عن عمل پیرا ہو کر زندگی گزارنی چاہئے، اس میں ہماری دنیا اور آخرت کی کامیابی ہے۔
ان خیالات کا اظہار ضلع جہلم کی معروف مذہبی شخصیت سید خلیل حسین کاظمی نے عید میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے نکالی گئی ریلی کے اختتام پر صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ریلی کا آغاز شمالی محلہ جہلم مدرسہ انجمن تعلیم الاسلام سے ہوا اور اختتام شاندار چوک جہلم میں کیا گیا۔
سلیمان پارس سے آنے والی ریلی بھی اسی ریلی میں شامل ہو کر مرکزی جلوس کی صورت اختیار کر گیا، شاندار چوک کے مقام پر علمائے کرام نے حضور نبی کریم ﷺ کی حیات طیبہ پر روشنی ڈالی ۔
سید خلیل حسین کاظمی نے کہا کہ ہماری کامیابی معاشرے کی اصلاح کرنے میں ہے۔ جب تک معاشرے کی اصلاح نہیں ہوتی ہم کامیابیوں کا سفر طے نہیں کر سکیں گے۔



