پنجاب میڈیکل فیکلٹی کی عجیب کلا بازی، لاکھوں امیداواران کا مستقبل تاریک کر دیا گیا

پڑی درویزہ/ سوہاوہ: پنجاب میڈیکل فیکلٹی کی عجیب کلا بازی ، لاکھوں امیداواران کا مستقبل تاریک کر دیا گیا، نصف دن کو میرٹ لسٹ نیٹ پر آویزاں کی گئی ، تمام امیدواران کوکوئی میسج یا کال نہ کی گئی۔ چند گھنٹے کے بعد امیدواران کی رائے اور کوائف درستگی کا پورٹل بند کر دیا گیا۔ دوردراز کے امیدواران کو اندھیرے میں رکھا گیا۔ جب امیدواران نے پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن کی ہیلپ لائن سے مدد لینے کے لئے رابطہ کیا تو کھرا جواب دے کر فارغ کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب میڈیکل فیکلٹی کے زیر اہتمام ہر ضلع میں دو سالہ نرسنگ کورس کے لئے گزشتہ ماہ اگست 2024ء میں درخواستوں کی آن لائن رجسٹریشن کی گئی ۔ فیکلٹی کے اخباری اشتہار کے مطابق 15ستمبر کو انٹرنیٹ پر منتخب امیدواران کی پہلی لسٹ آویزاں کی گئی جس کا عام اور دور دراز کے امیدواران کو علم تک نہ ہو سکا۔

چند امیدواران کو میسج یا کال کی گئی کہ وہ اپنی نشت کے متعلق رائے دے دیں جبکہ 16ستمبر کو نصف دن کے وقت پورٹل سے رائے دینے کا سلسلہ بند کر دیا گیا جس کے نتیجے میں صوبہ بھر سے کئی امیدواران اپنے انتخاب کے باوجود مذکور نرسنگ کورس کی سہولت سے محروم ہو گئے۔

دور دراز خاص کر دیہی علاقوں کے امیدواران نے سخت شکایت کی ہے کہ صرف چند گھنٹے رائے دہی کا پورٹل چلانا قطعاً قرین انصاف نہ ہے بلکہ حق تلفی ہے۔

اس سلسلے میں جب پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن کی ہیلپ لائن 03071001851 پر کال کی گئی تو پہلے تین گھنٹے تو نمبر بند ملا بعد میں ایک اہلکار نے صرف اتنا جواب دیا کہ وہ ایک معاون ادارہ کاکردار کرتے ہیں اصل جواب یا مسئلہ کا حل پنجاب میڈیکل فیکلٹی کے نمبر سے رابطہ کرنے سے حل ہو گا ۔ جب PMFکی ہیلپ لائن 04299231352پر کال کی گئی تو تین گھنٹے تک کوشش کے باجود کسی نے فون اٹنڈ کرنا تک گوارا نہ کیا۔

لیب ٹیکنیشن ، آپریشن ٹیکنیشن اور ایکسرے ٹیکنیشن کے کئی امیدواران نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ وہ مذکورہ بیان بیان بالا صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے ان ہزاروں یا لاکھوں امیدواران کی مدد کریں اور پنجاب میڈیکل فیکلٹی اور پنجاب میڈیکل فاؤنڈیشن کو ہدایت کریں کہ پورے صوبہ کے تمام منتخب امیدواران کو بذریعہ موبائل میسج یا خصوصی کال کے ذریعے رابطہ کر کے پورٹل دوبارہ کھول کر کم از کم ہفتہ بھر کے لئے تمام منتخب امیدواران کو درستی یا رائے دینے کا برابر موقع دیا جائے تا کہ ان تمام امیدواران کو مستقبل تاریک ہونے سے محفوظ رہے سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button