ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم کا دینہ کے نجی کالج میں بریفنگ سیشن کا انعقاد

جہلم: ایڈیشنل آئی جی پنجاب مرزا فاران بیگ کے ویژن اور ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ کی زیر نگرانی ڈی ایس پی ٹریفک رضا حسنین اعوان نے دینہ کے نجی کالج (پنجاب کالج) میں بچوں اور بچیوں کے لیے ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہی سیشن کا انعقاد کیا، ان کے ہمراہ انسپکٹر محمد عدنان بھی موجود تھے۔
مہمانوں کی آمد پر پرنسپل ادارہ ہذا اور سٹاف نے ان کا بھرپور استقبال کیا جبکہ ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر رضا حسنین اعوان نے بڑی خوبصورتی کے ساتھ بچوں کو ہیلمٹ کی افادیت، پتنگ بازی، ہوائی فائرنگ سے ہونے والے نقصانات سےآگاہ کیا۔ کالج ہذا کے طالبعلموں کو ڈرائیونگ لائسنس اور لرنر بنانے کا مکمل طریقہ بھی سمجھایا گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس انتہائی مناسب فیس میں ڈرائیونگ سکول کے اندر بچوں اور بچیوں کو 10 دن کی ٹریننگ دینے کے بعد لائسنس بنوانے میں بھی ان کی مکمل مدد اور رہنمائی کرتی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے روڈ پر اپنی اور دوسروں کی جان کی حفاظت کو یقینی بنانے اور ایک دوسرے کے حقوق کا خیال رکھنے اور ٹریفک قوانین پر عمل کرنے کا لیکچر دیا۔
ڈی ایس پی ٹریفک نے ٹریفک قوانین سے متعلق بچوں کے سوالات کے جوابات بھی دیے۔ اس موقع پر میڈیا نمائندگان بھی موجود تھے۔
آخر میں پرنسپل ادارہ ہذا نے ڈی ایس پی ٹریفک رضا اعوان کا شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے کہ دینہ کے سکولوں اور کالجوں میں آگاہی، ٹریفک قوانین بارے معلومات بارے بریفنگ کا سلسلہ جاری ہے اور بچے بہت زیادہ مستفید ہو رہے ہیں۔



