حکومتی دعوے ریت کی دیوار، مہنگائی کا طوفان عروج پر، جہلم میں دوکانداروں کی لوٹ مار جاری

جہلم: حکومتی دعوے ریت کی دیوار، مہنگائی کا طوفان عروج پر، دوکانداروں کی جانب سے بھی لوٹ مار جاری ہے۔ انتظامیہ اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق انتظامیہ کی مبینہ غفلت و لا پرواہی کی وجہ سے جہلم شہرسمیت ضلع بھرکےدوکانداروں نے اشیاء خورد و نوش کے خود ساختہ ریٹس مقرر کرتے ہوئے مہنگائی کے ستائے شہریوں کی جیبوں پر بلا خوف و خطر ڈاکہ زنی کا عمل شروع کر رکھا ہے۔
کوئی بھی دوکاندار سرکاری بنیادوں پر جاری ہونے والے نرخ نامے کے مطابق پھلوں، سبزیوں اور دیگر اشیاء ضروریات زندگی کو فروخت کرنے کی تکلیف گوارا نہیں کرتا۔
ادویات کی قیمتوں میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہو جانے کی وجہ علاج و معالجہ بھی غریب افراد کی پہنچ سے باہر ہو چکا ہے۔
تمام تر حالات کا علم ہونے پر بھی نا جائز منافع خوری کرنے والوں کے خلاف حکومت، ضلعی انتظامیہ کے آفیسران کا حرکت میں نہ آنا باعث تشویش ہے۔ خود ساختہ مہنگائی کے ذمہ داران کو قانون کے شکنجے میں لانے کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور ان کے وزراء بلند و بانگ دعوے تو کرتے ہیں مگر عملی اقدامات تا حال سوالیہ نشان بنے ہوئے ہیں۔
طوفانی مہنگائی کی لہر جاری رہنے کی وجہ سے غریب طبقہ کے افراد کے لئےپیٹ کی آگ کو بجھانا انتہائی دشوار ہو چکا ہے۔



