عمران خان کی بہنیں علیمہ خان اور عظمی خان جہلم جیل سے رہا

جہلم: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمی خان کو ڈسٹرکٹ جیل جہلم سے رہا کر دیا گیا۔
جہلم اپڈیٹس کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد سےضمانت منظور ہونے کے بعد بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو ڈسٹرکٹ جیل جہلم سے رہا کر دیا گیا۔
ڈسٹرکٹ جیل جہلم کے باہر پی ٹی آئی کارکنوں نے ان کا استقبال کیا، جیل کے باہر پی ٹی آئی کے کارکنوں کی بڑی تعداد میں جمع تھی جبکہ علیمہ خان اور عظمی خان کی فیملی کے لوگ بھی موجود ہیں۔
علیمہ خان کا بیٹا شہروز اور بہن نورین نیازی بھی جیل کے باہر موجود تھے، دونوں بہنوں کی روبکاریں نو گھنٹے گزرنے کےبعد جہلم جیل پہنچی تھیں، پولیس کی بھاری نفری جیل کے باہر سکیورٹی کےلیے موجود تھی۔
یاد رہے کہ آج انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی ضمانت کی درخواستیں منظور کر تے ہوئے 20، 20 ہزار مچلکوں کے عوض دونوں کی ضمانت منظور کی تھی۔
واضح رہے کہ تھانہ کوہسار کے مقدمے میں علیمہ خان اور عظمیٰ خان 4 اکتوبر سے گرفتار تھیں، دونوں بہنیں پی ٹی آئی احتجاج کے تناظر میں گرفتاری ہوئی تھیں اور دونوں بہنوں کو اڈیالہ جیل سے جہلم جیل منتقل کیا گیا تھا۔



