کیا پاکستان میں سویڈش سفارتخانے کا ویزا سیکشن بحال ہورہا ہے؟

پاکستان میں سویڈن کے سفارت خانے کی جانب سے ویزا سیکشن بند کیے لگ بھگ 2 برس بیت گئے ہیں، تاہم ان دنوں اطلاعات گردش میں ہیں کہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر بند ہونیوالا ویزا سیکشن اب دوبارہ فعال کیا جارہا ہے۔
وی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کے ڈپلومیٹک زون میں واقع سویڈش سفارت خانے نے اپریل 2023 میں سیکیورٹی خدشات کے سبب اسلام آباد میں اپنی سرگرمیاں غیر معینہ مدت کے لیے معطل کرنے کے حوالے سے ایک سرکلر جاری کیا تھا۔
سفارت خانے نے پہلے5 اپریل اور پھر11 اپریل کو اس سلسلے میں جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا تھا کہ اسلام آباد میں سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال کے باعث سویڈن کا سفارت خانہ وزیٹرز کے لیے بند ہے۔
سویڈش سفارتخانے نے اس بیان میں سیکیورٹی خدشات کی بنیاد یا اس بندش سے جڑی دیگر نوعیت کی تفصیلات نہیں بتائی تھی، لیکن اب کہا جارہا ہے کہ سویڈش سفارتخانہ اپنی سرگرمیاں بحال کرنے جارہا ہے۔
اس ضمن میں جب سویڈش سفارتخانے سے بات کی گئی، تو ان کے ترجمان کا کہنا تھا کہ فی الحال ایسا کچھ بھی نہیں ہونے جا رہا اور نہ ہی ایسی کوئی خبر ان تک پہنچی ہے کہ سفارتخانے کی سرگرمیاں بحال یا کچھ عرصہ میں بحال ہو سکتی ہیں۔
’سفارتخانہ تو کھلا ہے لیکن ویزا اینڈ امیگریشن کے لیے وزیٹرز کا داخلہ منع ہے کیونکہ یہاں پر ویزا سیکشن بند ہے۔‘
پاکستانی طلباء کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سویڈن جانے کے خواہشمند پاکستانی طلبا دنیا کے دوسرے ممالک ایتھوپیا، ملائیشیا، سنگاپور، انڈونیشیا اور دیگر ممالک جا کر گلوبل ویزا سروسز دفاتر کے ذریعے اپلائی کر سکتے ہیں۔
ان کا سویڈن میں مقیم پاکستانیوں کے حوالے سے کہنا تھا کہ سفارتخانہ صرف سویڈن کے شہریوں کے لیے خدمات فراہم کر رہا ہے، وہ بھی صرف اگر وہ کوئی معمولی معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
’اگر کوئی ایسی خبر ہوئی تو سفارتخانہ اپنی ویب سائٹ پر نوٹیفیکیشن جاری کر دے گا، اس کے علاوہ جتنی بھی خبریں اس حوالے سے چل رہی ہیں وہ تمام بے بنیاد ہیں، ایسا کچھ نہیں ہورہا اور نہ ہی فی الحال مستقبل کے لیے ایسی کوئی خبر ہے۔‘



