پی ٹی آئی کی 24 نومبر کی فائنل کال بھی مس کال ہو گی ، بلال اظہر کیانی

دینہ: بلال اظہر کیانی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ملک کا بیڑا غرق کرنے کے سوا کوئی کام نہیں کیا۔ 24نومبر کو پی ٹی آئی کی فائنل کال بھی مس کال ہو گی، جس طرح پچھلی کالیں مس ہوئی ہیں۔ اب اس جماعت کا وطیرہ بن گیا ہے کہ ایک دو ہفتے بعد اس طرح کا اعلان کر دیں، کام کی اور تعمیر و ترقی کی کوئی بات کرتے ہی نہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما چیئرمین ٹاسک فورس و رکن قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی نے دینہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں ایک ایسا شخص لگایا ہوا ہے جسے غلیل ، ڈنڈا اور بندوق کے علاوہ کوئی کام آتا ہی نہیں، انہوں نے تماشہ لگائے رکھنا ہے۔ ان کو پتہ ہے ملک جتنا مستحکم ہوتا جائے گا جتنی ترقی ہوتی جائے گی یا معاشی بہتری آئے گی اتنی ہی ان کی جو فریاد ہے، جو ان کا طریقہ کار ہے اس میں کمی ہوتی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا طریقہ کار یہی ہے کہ ملک میں افرا تفری مچی رہے اسی لیے وہ ایک شرلی چھوڑ دیتے ہیں۔ پچھلے 6ماہ میں اس طرح کی کتنی کالیں آئی ہیں، کیا ہوا؟ کھودا پہاڑ نکلا چوہا۔ اب بھی ایسا ہی ہے، یہ شوق اپنا بے شک پورا کر لیں، مگر پر امن طریقے سے جگہ اگر مختص ہوتی ہے وہاں پر احتجاج کریں۔

بلال اظہر کیانی نے مزید کہا کہ اگر کسی کا یہ خیال ہے کہ جہلم ہو یا لاہور چاہے اسلام آباد ہو کہ قانون اپنے ہاتھ میں لے کر توڑ پھوڑ کر سکتا ہے لوگوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال کر یہ کام کر سکتا ہے تو اس کی ہر گز اجازت نہیں ہو گی ، 24نومبر کی کال کو سات دن رہ گئے ہیں یہ بھی حقیقت سامنے آ جائے گی ۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button